ممبئی انڈینس کا آج آر سی بی سے مقابلہ

آئی پی ایل 2018 کا 13 واں میاچ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس اور رائل چیالنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گذشتہ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کو شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ ممبئی کو دہلی کے خلاف جبکہ آر سی بی کو راجستھان کے خلاف شکست ہوئی تھی۔ اس طرح کل دونوں ٹیمیں کامیابی کے راستہ پر گامزن ہونے کے مقصد سے میدان میں اتریںگی۔ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے کہ کیونکہ دونوں کے پاس دنیا کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ ممبئی کو جیت کیلئے کپتان روہت شرما سے بہتر مظاہرہ کی ضرورت ہے جو ابھی تک بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ دہلی کے خلاف سوریا کمار یادو اور لوئیس نے بہترین بیاٹنگ کی تھی تاہم مڈل آرڈر کی ناکامی کی وجہ سے انہیں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ روہت شرما‘ کرن پولارڈ اور آل رائونڈر ہاردیک پانڈیا ابھی تک اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں تاہم کل ان کے پاس غلطی کیلئے موقع نہیں رہے گا۔ بولنگ کے شعبہ میں جسپریت بمراہ اور مستفیض الرحمن کے علاوہ دیگر بولرس حریف بلے بازوں کو رن بنانے سے روکنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ دوسری جانب آر سی بی کے پاس سب سے مضبوط بیاٹنگ لائن اپ ہے جس میں کپتان کوہلی کے علاوہ برینڈن میکلم‘ ڈی کاک‘ اے بی ڈیویلرس اور مندیپ سنگھ شامل ہیں تاہم میکلم کا مسلسل ناقص مظاہرہ آر سی بی کیلئے پریشانیوں کا باعث ہے۔ اطلاعات کے مطابق کل میکلم کو ڈراپ کرتے ہوئے انگلینڈ کے اسپن آل رائونڈر معین علی اور نیوزی لینڈ کے کولن ڈی گرانڈہوم میں سے کسی ایک اور موقع دیا جائے گا۔ حیدرآباد کے محمد سراج کو بھی کل قطعی 11 کھلاڑیوں میں موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ بہرحال ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کی ٹیموں کے درمیان کل ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکتاہے ۔ میاچ رات 8 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں