پاکستانی اہلیہ یا افغان کرکٹ ٹیم؟ محمد شہزادکیلئے کڑا امتحان

 افغانستان کرکٹ کیلئے سب سے زیادہ ٹوئنٹی 20 رنز بنانے والے وکٹ کیپر و اوپننگ بلے با ز محمد شہزاد کو افغان کرکٹ بورڈ نے نئی مشکل میں ڈال دیاہے جو ان پر پاکستان میں کلب میچ کھیلنے پر پہلے ہی تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کرچکاہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین عاطف مشال نے پاکستان جانے اور کلب کرکٹ کھیلنے پر 3 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کے بعد ان کیلئے نئی مشکل کھڑی کرتے ہوئے انہیں فیملی کے بشمول پاکستان سے افغانستان منتقل ہونے کیلئے ایک ماہ کا نوٹس دے دیا ہے۔ افغانستان کرکٹ کے چیرمین نے محمد شہزاد کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ فیملی کے ہمراہ پاکستان چھوڑکر افغانستان منتقل نہ ہوا تو اس کا نہ صرف افغانستان کرکٹ بورڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا بلکہ اسے کسی اور لیگ میں کھیلنے کیلئے این او سی بھی نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ محمد شہزاد پاکستان میں موجود افغان کیمپ میں پلے بڑھے ہیں اور اپنی ابتدائی کرکٹ بھی یہیں پر کھیلی ہے حتی کہ ایک موقع پر وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کا بھی خواب دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے پشاور میں مقیم ایک پاکستانی فیملی سے رشتہ جوڑا جہاں شادی کرکے وہیں رہائش پذیر ہیں۔

جواب چھوڑیں