اسپورٹس سے ہند۔پاک تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں:عامرخان

عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر عامر خان نے کہاکہ اسپورٹس سے روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ عامر خان نے لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہاکہ اسپورٹس سے ہند۔پاک تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں، باکسنگ رنگ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو یکجا کرسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ پاک۔ہند تعلقات میں امن کے سفیر کا کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ باکسر نے مزید کہاکہ وہ رمضان کے بعد ’عامر خان سوپر باکسنگ لیگ‘ کیلئے بڑا اعلان کریں گے۔ انہوں نے اپنی اگلی فائٹ کے تعلق سے بتایاکہ وہ اب ستمبر کے مہینے میں مقابلہ کریں گے۔ عامر خان نے دربار سے روانگی سے قبل زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا۔ خیال رہے کہ عامر خان کو مئی 2016 میں امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والی فائٹ میں میکسکو کے باکسر کنیلو الواریز نے ناک آؤٹ کر دیا تھا جس کے بعد سے وہ باکسنگ رنگ سے دور تھے۔ تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے دو سال بعد باکسنگ رنگ میں واپسی کی اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے حریف فل لو گریشو کو صرف 39 سکنڈز میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ معروف عالمی باکسر عامر خان نے گزشتہ سال ستمبر کے مہینے میں ’’ سوپر باکسنگ لیگ‘‘ کے نام سے پاکستان کی پہلی باکسنگ لیگ منعقد کرانے کا اعلان کیاتھا۔

جواب چھوڑیں