آر سی بی کو پلے آف میں رسائی کا آج آخری موقع

آئی پی ایل 2018 کا 51 واں میاچ رائل چیالنجرس بنگلور اور سن رائیزرس حیدرآباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ سن رائیزرس حیدرآباد کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ وہ پہلے ہی پلے آف کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے تاہم رائل چیالنجرس بنگلور کیلئے یہ میاچ کرو یا مرو کے مترادف ہے۔ بنگلور اس وقت 5 کامیابیوں کے باعث 10 پوائنٹس کے ساتھ 7 ویں مقام پر ہے تاہم اگر اسے پلے آف میں رسائی حاصل کرناہے تو اس مقابلہ کے علاوہ 19 مئی کو راجستھان کے خلاف ہونے والا آخری لیگ میاچ بھی جیتنا پڑے گا بلکہ یہ دعا بھی کرنی ہوگی کہ کنگز الیون پنجاب اپنا آخری لیگ میاچ ہارجائے۔ بنگلور نے گذشتہ مقابلہ میں کنگز الیون پنجاب کے خلاف 10 وکٹس سے یکطرفہ جیت حاصل کی تھی۔ بنگلور کو بلے بازی کے شعبہ میں بہتر موقف حاصل ہے تاہم اسے اپنی گیندبازی پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج‘ ٹم ساوتھی اومیش یادو بہترین فام میں ہیں جبکہ انگلش آل رائونڈر معین علی کی وجہ سے اسپن کا شعبہ بھی کافی مستحکم ہوگیاہے۔ دوسری جانب حیدرآباد کے پاس بہترین بیاٹنگ لائن اپ کے ساتھ ساتھ طاقتور بولنگ اٹیک بھی ہے۔ حیدرآباد کے بولنگ اٹیک کے تعلق سے ماہرنے کا مانناہے کہ ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط بولنگ لائن اپ ہے۔ افغان اسپنر راشد خان‘ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کے علاوہ سدھارتھ کول‘ بھونیشور کمار اور سندیپ شرما حریف بلے بازوں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ بیاٹنگ کے شعبہ میں کپتان کین ولیمسن اور شکھر دھون شاندار فام میں ہیں جبکہ یوسف پٹھان‘ منیش پانڈے اور شکیب الحسن بھی ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کررہے ہیں۔ حیدرآباد کے کپتان ولیمسن نے کہاکہ ہم پلے آف میں رسائی کے باوجود بنگلور کے خلاف مقابلہ میں پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتریںگے اور جیت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آر سی بی کے خلاف قطعی 11 کھلاڑیوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ بہرحال کل ہونے والا مقابلہ آر سی بی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ میاچ رات 8 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں