سویٹولینا اور شاراپووا کی پیش قدمی جاری

دفاعی چمپئن ایلینا سویٹولینا‘ ڈبلیو ٹی اے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں داخل ہوگئیں جبکہ 3 مرتبہ کی چمپئن روس کی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا کو آئندہ رائونڈ میں رسائی کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی ۔ دفاعی چمپئن سویٹولینا کو پہلے رائونڈ میں بائی ملا تھا جبکہ اس نے دوسرے رائونڈ کے مقابلہ میں 35 ویں رینک کی کھلاڑی پیٹرا مارٹیک کو بہ آسانی 6-1, 6-2 سے شکست دی۔ یوکرین کی 23 سالہ سویٹولینا نے گذشتہ برس کیریر کی سب سے بڑی گرانڈ سلام کامیابی حاصل کی تھی۔ ویمنس سنگلز کے ایک اور مقابلہ میں سابق عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا کو پہلے رائونڈ کا مقابلہ جیتنے کیلئے ڈھائی گھنٹوں سے بھی زیادہ وقت لگا۔ شاراپووا نے 18 ویں رینک کی کھلاڑی بارٹی کے خلاف 3 سیٹوں تک چلنے والے مقابلہ میں 7-5, 3-6, 6-2 سے جیت حاصل کی ۔ ایک اور مقابلہ میں لاتویا کی پانچویں سیڈ جیلینا اوسٹاپنکو بھی تیسرے رائونڈ میں داخل ہوگئیں ۔ جیلینا نے چین کی ژہانگ شوار کو راست سیٹوں میں 6-2, 7-5 سے ہرایا۔ دریں اثناء ایک اور مقابلہ میں سویتلانا کوزنتسوا نے سلواکیہ کی پولونا ہیرکوگ کے خلاف راست سیٹوں میں 6-2, 6-4 سے جیت حاصل کی ۔

جواب چھوڑیں