مجھے جلد سے جلد حلف دلایا جائے: یدیورپا

 بی جے پی کے امیدوار ِ چیف منسٹری بی ایس یدیورپا نے چہارشنبہ کے دن کرناٹک میں نئی حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ پیش کردیا۔ انہوں نے گورنر وجوبھائی آر والا سے راج بھون میں ملاقات کے بعد بتایا کہ ہم نے 104 ارکان والی واحد بڑی جماعت کی حیثیت سے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کردیا ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے یدیورپا کو اپنا لیجسلیچر پارٹی قائد منتخب کیا۔ یدیورپا نے کہا کہ میں نے گورنر سے خواہش کی ہے کہ مجھے جلد سے جلد چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف دلایا جائے۔ گورنر نے جواب میں کہا کہ وہ عنقریب مناسب فیصلہ کریں گے۔ ریاست کے 222 حلقوں میں 12 مئی کو رائے دہی ہوئی تھی۔ بی جے پی نے 104 ‘ کانگریس نے 78 اور جنتادل ایس نے اپنی حلیف بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ 38 نشستیں جیتیں۔ ریاست میں معلق اسمبلی وجود میں آئی۔ بی جے پی سادہ اکثریت کے لئے درکار 112 کے نشانہ سے 8 نشستیں دور ہے۔ اسی دوران بی جے پی کے رکن اسمبلی حلقہ راجہ جی نگر (بنگلورو شمال مغرب) کمار نے کہا کہ جنتادل ایس کی تائید کرکے کانگریس کو شرم نہیں آئی جبکہ کانگریس قائدین بشمول راہول گاندھی اور جی پرمیشور‘ جنتادل ایس کو بی جے پی کی بی ٹیم قراردیتے نہیں تھکتے تھے۔

جواب چھوڑیں