ریاست بھر میں ماہ صیام کا آغاز

ریاست تلنگانہ میں ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے ۔ہلال رمضان دکھائی دینے کے بعد دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے بشمول ریاست کی چھوٹی، بڑی مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ۔ تمام مساجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔ چہارشنبہ کو چاند نظر آنے کی اطلاعات کے ساتھ ہی بابرکت مہینہ کا آغاز ہوگیا ۔ چاند نظر آنے کی تصدیق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی کی ہے ۔ شہر کی تمام بڑی مساجد بشمول تاریخی مکہ مسجد میں روزہ داروں اور نمازیوں کے لئے بڑے پیمانے پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اور تاریخی چارمینار کے قریب400 سال سے زائد قدیم اس مکہ مسجد کو ہمہ رنگی برقی قمقموں سے سجایا گیا ۔ نماز تراویح میں مسجد کے اندرونی حصہ میں موجود بڑے بڑے فانوس کو روشن کردیا گیا جس کے سبب مسجد کا منظر خوبصورت دکھائی دے رہا تھا۔ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی مکہ مسجد اور اس کے اطراف واکناف علاقہ میں رونقیں بحال ہوگئیں اور چہل پہل میں اضافہ دیکھاگیا ۔ مسجد کے قریب میوہ فروشوں اور چھوٹے تاجروںکو کھجور، میوہ جات اور نماز کی ٹوپیاں ، سرمہ ، تسبیح فروخت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہاں بھی ہمہ اقسام کے عطر بھی فروخت کئے جاتے ہیں ۔ ایرانی کیفوں میں رمضان کی خصوصی ڈش ’’ حلیم‘‘ کی فروخت کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دیگر مذاہب کے افراد کی بڑی تعداد حلیم خریدتی ہے۔

جواب چھوڑیں