جولائی کے اواخر میں گرام پنچایت انتخابات متوقع

ریاستی الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے آج متعلقہ عہدیداروں کو تیقن دیا کہ ریاست تلنگانہ میں جولائی کے اواخر تک پنچایت راج انتخابات منعقد کئے جائیں گے ۔ وہ ، ریاست میں پنچایت انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے ضمن میں جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری ایس کے جوشی، ڈی جی پی مہندر ریڈی، کلکٹرس اور ایس پیز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ناگی ریڈی نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات چیالنجس سے بھر پور رہیں گے ۔ عہدیداروں کو موثر منصوبہ کے تحت قبل ازانتظامات کو قطعیت دینا چاہئے ۔ حکومت کو ہدایت دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات کے سلسلہ میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات اگلے سال جولائی میں منعقد کئے جائیں گے ۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بہترآپسی تال میل کے ذریعہ شفاف انداز میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے انتظامات کریں ۔ ناگی ریڈی نے پولیس عہدیداروں پر زور دیا کہ دوسری ریاستوں سے پولیس فورس کو طلب کرتے ہوئے گرام پنچایت انتخابات کیلئے سیکوریٹی کے موثر اور نقائص سے پاک انتظامات کریں ۔ انہوںنے کہا کہ10جون کے بعد پنچایت انتخابات کے ریزرویشن کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں