ریاست کے خانگی اسکولس کی 11جون کو کشادگی : پرائیوٹ اسکولس

ریاست میں جاری گرمی کی لہر کو دیکھتے ہوئے خانگی اسکولس کی کشادگی یکم جون کے بجائے11جون کو ہونے کا امکان ہے ۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاریہ سال سے گرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز12 جون کے بجائے یکم جون سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ 2جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کا تمام اسکولس میں انعقاد عمل میں لایا جاسکے ۔ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس ایم اے ۔ ٹی ایس وائی شیکھر راؤ کے مطابق ریاست کے تقریباً 13ہزار خانگی اسکولس نے یکم جون کو اسکولس کی کشادگی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ڈپٹی چیف منسٹر ووزیر تعلیم کڈیم سری ہری سے تحریری نمائندگی بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اسکولس کی جانب سے2جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میںلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں جاری شدید گرمی کی لہر کے دوران اسکولس کی کشادگی خطرے سے خالی نہیں ہے تاہم ، ہم 2جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کا بڑے پیمانے پر اہتمام کریں گے ۔ اس کے علاوہ دسہرہ، سنکراتی کی تعطیلات میں تخفیف اور دوسرے ہفتہ کے دن کلاسس منعقد کرتے ہوئے ان ایام کی پابجائی کی جائے گی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 2018-19 تعلیمی سال کے لئے جاری کردہ جدول کے مطابق اسکولس یکم جون تا12 اپریل 2019 تک کام کریں گے ۔13 اپریل تا31مئی گرمائی تعطیلات رہیں گی تاہم ریاست میں شدید گرمی کی لہر چل رہی ہے اور تقریباً مقامات پر درجہ حرارت 40ڈگری سے زیادہ درج کیا جارہا ہے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے خانگی اسکولس کی جانب سے اس طرح کا فیصلہ لیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں