شہرمیں آئندہ سال تک ایک لاکھ ڈبل بیڈروم امکنہ کی تعمیر۔ کے ٹی آر

ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما رائو نے کہاکہ آئندہ جون تک شہر میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیراتی کام مکمل کرلیئے جائیں گے۔ بیگم پیٹ میں میٹرو ریل بھون میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر میں ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ جملہ 109مقامات پر ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کیئے جارہے ہیں۔ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے بتایا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کودورکرتے ہوئے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے اور موجودہ طورپرجس رفتار سے تعمیراتی کام انجام دیئے جارہے ہیں اس حساب سے دسمبرتک 40 ہزار مکانات کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی اور ماباقی 60ہزار مکانات کی تعمیر جون 2019 تک مکمل کرلی جائے گی۔ عہدیداروں نے کہاکہ ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیراتی عمل میں اراکین پارلیمنٹ‘ اسمبلی کو شراکت دار بنانے کی ضرورت ہے جس سے تعمیراتی کاموں میں تیزی آئے گی۔ کے ٹی راما رائو نے اس تجویز کومناسب قرار دیتے ہوئے عہدیداروں کومشورہ دیا کہ وہ اسمبلی حلقہ واری سطح پر جاری ڈبل بیڈروم مکانات کی تفصیلات سے مقامی اراکین اسمبلی کوواقف کرایں۔ کے ٹی رامارائو نے ضلع کلکٹرس ‘ریونیو عملہ ‘ جی ایچ ایم سی عہدیداروں اورمحکمہ ہاوزنگ بورڈ کے عہدیداروں کو ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے امیدواروں (استفادہ کنندگان) کے انتخاب کے عمل میں شفافیت لانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس اجلاس میں جی ایچ ایم سی مئیر بی رام موہن ‘ کمشنربی جناردھن ریڈی ‘ ایڈیشنل کمشنر بھارتی ہولکری ودیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں