ریاست میں3جون کو مانسون کی پہلی بارش کا امکان

 آئندہ چار دنوں میں شدید موسم گرما اور چلچلاتی دھوپ کے خاتمہ کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق 3جون سے ریاست بھر میں مانسون کی بارش کا آغاز ہوجائیگا۔ بتایا گیا ہے کہ3جون سے جزیرہ نما ہند کے تحت ٹاملناڈو آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بارش کے سلسلہ کا آغاز ہوگا ۔ حالیہ عرصہ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی ایسی دوسری پیش قیاسی ہے جس میں بتایا گیا کہ جاریہ مانسون کے دوران 95 فیصد بارش ہوگی ۔ ریاست کیرالہ، ٹاملناڈو ، کرناٹک، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اوسط سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے ۔ بحیثیت مجموعی سارے ملک میں طویل مدت موسم برسات کے دوران97 فیصد بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ دوسری طرف ریاست میں آج بھی گرمی کی لہر برقرار رہی ۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت 40.7 ڈگرسلسیس درج کیا گیا جو معمول سے 2.1 ڈگری اضافہ ہے ۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت عادل آباد میں44.2 ڈگری رہا ۔ راما گنڈم میں43.8 ‘ میدک میں 43.2 ، کھمم اور بھدراچلم میں 43‘ نلگنڈہ میں42.6، ہنمکنڈہ میں41.5 ،نظام آباد میں41اور محبوب نگر میں 40 ڈگری سلسیس درج کیا گیا ۔یواین آئی کے بموجب تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مختلف علاقوںمیں آئندہ 24گھنٹوںکے دوران تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں