ریاست میں آج یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا اہتمام

 علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے کل 2جون کو چار سال مکمل ہوں گے ۔ یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا شاندار پیمانے پر اہتمام کیا جارہا ہے ۔ مرکزی تقریب2 جون کو سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر ہوگی ۔ اضلاع میں بھی یوم تاسیس تقاریب کو بڑے پیمانے پر منعقد کیا جارہا ہے۔ سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر کل منعقدشدنی مرکزی تقریب کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پولیس نے اس مقام پر نقائص سے پاک انتظامات کئے ہیں۔پریڈگرائونڈپرصیانتی انتظامات انتہائی سخت رہیں گے ۔2500پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پرمامور کیاگیاہے ۔اس کے علاوہ شہر کے اہم جنکشنوں اورعام مقامات پر آکٹوپس کے جوان متعین رہیں گے۔ تقریب کے مقام پر صبح9بجے تا 12:30 بجے دن ٹریفک کے رخ دوسری جانب موڑدیاگیا ہے تاکہ ٹریفک بہائو کوسہل بنایاجائے ۔ 9:30بجے سے پریڈ کاآغازہوگا۔توقع ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر 10:30بجے دن ترنگالہرائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پریڈ گراؤنڈ روانہ ہونے سے قبل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، اسمبلی کے سامنے واقع گن پارک پر شہیدان تلنگانہ کو بھرپور خراج پیش کریں گے ۔ بعدازاں وہ پریڈ گراؤنڈ کیلئے روانہ ہوں گے ۔ جہاں کے سی آر تقریباً10:30بجے دن ترنگا لہرائیں گے اور پولیس پریڈ کی سلامی لیں گے بعدازاں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں انجام دینے والوں میں ایوارڈز تقسیم کریں گے ۔ یہ ایوارڈ ایک لاکھ ایک سو16 روپے نقد اور توصیفی سند پر مشتمل رہے گا۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نئی اسکیمات، و ترغیبات کا اعلان کریں گے ۔ پروگرام میں گورنر، وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی وکونسل، کارپوریٹرس ، اعلیٰ عہدیدار اور دیگر شخصیتیں شرکت کریں گی ۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا نے جمعہ کے روز پریڈ گراؤنڈ پہنچ کر یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ڈپارٹمنٹل اسٹالس، نشستوں کی فراہمی ، ایل ای ڈی اسکرین، برقی سربراہی کے کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوںنے متعلقہ عہدیداروں کو پروگرام کے مقام پر صاف ٹھنڈا پانی اور چھانچ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت ، اس سال یوم تاسیس تقاریب میں تلنگانہ تہذیب کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی و ادبی پروگرام بھی منعقد کررہی ہے ۔ یوم تاسیس کے سلسلہ میں دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے اہم جنکشنوں ، عام مقامات اور تاریخی عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ۔ اسمبلی ، سکریٹریٹ، چار مینار، سالارجنگ میوزیم اور دیگر سرکاری، تاریخی عمارتوں کو رنگ برنگی قمقموں سے منور کیا گیا ۔ اضلاع میں بھی ٹریفک جنکشنوں اور سرکاری عمارتوں کو ہمہ رنگی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں