ملناساگر‘ اراضیات حوالے کرنے والے کسانوں کومعقول معاوضہ:ٹی ہریش راو

ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو نے آج کہاکہ حکومت‘ان کسانوں کومناسب معاوضہ ادا کرے گی جن کی اراضیات ‘ملناساگر پراجکٹ کی زدمیں آرہی ہیں۔ انہوں نے جمعہ کوان کسانوں میں معاوضہ کی رقم کے چیکس تقسیم کئے جن کی اراضیات ملنا ساگر پراجکٹ کی تعمیر کے لئے حاصل کرلی گئی ہیں۔ رائو نے کسانوں اور عوام پر زوردیا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے من گھڑت پروپگنڈہ سے متاثر نہ ہوں۔ اپوزیشن جماعتیں من گھڑت بیانات جاری کرتے ہوئے کسانوں اورعوام کوگمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ ٹی آرایس حکومت ‘آرآراسکیم کے تحت اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں کو تمام ترامدادفراہم کرے گی اوران کی ہرطرح سے مدد کرے گی ۔ بعدازاں رکن قانون ساز کونسل رام لنگاریڈی کے ساتھ وزیر آبپاشی ٹی ہریش رائو نے سدی پیٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں کومناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انہوںنے دعویٰ کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی طرح ملناساگر پراجکٹ بھی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس پراجکٹ کے لئے 8کے منجملہ 7 مواضعات کی اراضیات حاصل کرلی گئی ہیں۔ وزیر نے مزید کہاکہ ویملاگھاٹ پراجکٹ کے لئے 80 فیصد اراضیات حاصل کرلی گئی ہیں۔ 250 ایکر اراضیات کے لئے 7.10 کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کیاگیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھررائو نے آرآراسکیم کے تحت اراضیات حوالے کرنے والے کسانوں کے لئے امکنہ کابہتر پیاکیج کاپیشکش کیاہے ۔ آبپاشی پراجکٹس ‘ریاست کے عوام کے لئے لائف لائن سے کم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی تمام تررکاوٹوں کے باوجود حکومت نے تمام آبپاشی پراجکٹوں کے تعمیری کاموں کومکمل کرنے کاعہد کرلیاہے ۔

جواب چھوڑیں