سیتا ، ہندوستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیوب بے بی تھی:دنیش شرما

یوپی کے ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما کے خلاف سیتا کی توہین کے الزام میں بہار کے ضلع سیتا مڑھی میں آج ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔ انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا ’’وہ (سیتا) ہندوستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیوب بے بی تھی ‘‘ ۔ ایک وکیل چندن کمار سنگھ نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں کیس دائر کیا ، جس کی 8 جون کو سماعت ہوگی۔ درخواست گذار نے کہاکہ شرما نے نہ صرف عوام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ، بلکہ ملک کے مالامال ثقافتی و تہذیبی ورثہ اور روایات کی بھی توہین کی ہے ۔ شرما کا بیان ایک مخصوص مذہب کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور توہین کرنے کی سوچی سمجھی سیاسی و مجرمانہ سازش کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کے غیرمنطقی تصور سے ہندو مذہب موضوعِ مذاق بن جائے گا۔ شرما جنہوں نے کبھی ’’جیٹ اور ہوائی جہازوں‘‘ کا ویدک دور کے ’’پشپک ویمان‘‘ سے تقابل کیا تھا، دعویٰ کیا کہ بھگوان رام کی بیوی سیتا دراصل ہندوستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیوب بے بی تھی ۔ شرما ، اترپردیش کے شہر متھرا میں ایک مہارتوں کے فروغ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیتا ایک مٹی کے گھڑے سے پیدا ہوئی تھیں۔ اس وقت شاید چند ٹیسٹ ٹیوب بے بی پراجکٹ جاری رہے ہوںگے۔ کیا اس ٹکنالوجی کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی نہیں کہا جانا چاہیے؟

جواب چھوڑیں