بنگلہ کو نقصان کا تنازعہ ، بی جے پی کی سازش : اکھلیش

سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے ریاستی دارالحکومت میں ان کی جانب سے تخلیہ کیے گئے بنگلہ کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات پر آج بی جے پی کو نشانۂ تنقید بنایا ۔ انہوں نے اسے بھگوا جماعت کی ’’سازش‘‘ قرار دیا۔ ایس پی قائد نے عجلت میں طلب کردہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ اترپردیش کے گورنر رام نائک نے ریاستی حکومت سے کہا تھا کہ وہ سابق چیف منسٹر کی جانب سے تخلیہ کیے گئے بنگلے کو مبینہ نقصان پر کارروائی کرے ۔ انہوں نے اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس میں ٹیکس دہندگان کا پیسہ شامل ہے۔ گورنر نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا تھا کہ 4 وکرم آدتیہ مارگ کو نقصان کی اطلاعات میڈیا اور عوام میں گشت کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔ سابق چیف منسٹرس کو الاٹ کردہ عمارتیں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ملکیت ہوتی ہیں اور ان کی دیکھ بھال ٹیکس دہندگان کی رقم سے کی جاتی ہے ۔ ریاستی حکومت کو سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان پر قانون کے مطابق مناسب کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی قائد نے سپریم کورٹ کے احکام کی تعمیل کرتے ہوئے اس بنگلہ کا تخلیہ کردیا تھا۔ سائیکل ٹریک کو پہنچنے والے نقصان ، ایرکنڈیشنرس نکالے جانے کے بعد دیواروں اور بیڈ منٹن کورٹ کے فرش کو پہنچنے والے نقصان کے ویڈیو کلپس اور تصاویر انٹرنیٹ پر گشت کررہے ہیں۔ یادو نے قبل ازیں کہا تھا کہ یہ بی جے پی کی جانب سے انہیں بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ گورنر نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو بھی طلب کیا اور انہیں بتایا گیا کہ سابق چیف منسٹرس کی جانب سے تخلیہ کردہ عمارتوں کی ویڈیو گرافی کی گئی ہے۔ ویڈیو کلپس کے نمودار ہونے کے بعد اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار یوگیش کمار شکلا نے کہا تھا کہ عہدیدار بنگلہ میں نصب کردہ آلات کی فہرست کا جائزہ لیںگے۔ اگر دانستہ نقصان پہنچایا گیا ہے اور کوئی چیز لاپتہ ہے تو محکمہ نوٹس جاری کرے گا۔ سماج وادی پارٹی نے ان ویڈیو کلپس کو یادو کی شبیہ کو مسخ کرنے کی ایک کوشش قرار دیا اور کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد ان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس نے سوال اٹھایا کہ سابق چیف منسٹرس کے تخلیہ کردہ بنگلوں کو کیوں نہیں دکھایا جارہا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان بحث و تکرار میں بی جے پی نے کہا تھا کہ بنگلہ کو نقصان ‘ یادو کی جھنجھلاہٹ کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں