پاکستان رینجرس کی فائرنگ‘ بی ایس ایف کے 4 سپاہی ہلاک

 جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد کے قریب رام گڑھ سیکٹر کے چمبلیال سرحدی چوکی پر پاکستان رینجرس کی بلااشتعال فائرنگ میں 4 بی ایس ایف ملازمین بشمول 3 عہدیدار ہلاک ہوگئے۔ آئی جی بی ایس ایف رام اوتار نے چہارشنبہ کے دن بتایا کہ پاکستان رینجرس نے منگل کی رات دیر گئے فائرنگ شروع کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے 4 آدمی کھوئے ہیں جن میں ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ رینک کا عہدیدار شامل ہے۔ ہمارے3 آدمی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جاریہ ماہ لڑائی بندی کی یہ دوسری بڑی خلاف ورزی ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب چہارشنبہ کے دن پاکستان نے لڑائی بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی کی۔ پاکستان رینجرس نے رام گڑھ سیکٹر میں بابا چمبلیال سرحدی چوکی کو نشانہ بنایا۔ مہلوکین کی شناخت اسسٹنٹ کمانڈنٹ جوگیندر سنگھ‘ سب انسپکٹر رجنیش کمار‘ اسسٹنٹ سب انسپکٹر رام نواس اور کانسٹیبل ہنس راج کے طورپر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو جموں سٹی کے آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ چہارشنبہ کے دن لڑائی بندی کی خلاف ورزی بابا چمبلیال کے سالانہ عرس سے قبل ہوئی ہے۔ ہر سال پاکستان رینجرس‘ بابا چمبلیال کے مزار پر چادر چڑھاتے ہیں۔ عرس 28 جون کو ہوگا۔

جواب چھوڑیں