کارتی چدمبرم کے خلاف ای ڈی کی چارج شیٹ

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج ایرسیل ۔ میکسس منی لانڈرنگ کیس میں کارتی چدمبرم کے خلاف دہلی کی ایک عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی ۔ ایڈیشنل سیشن جج روبی الکا گپتا نے کہا کہ وہ 4 جولائی کو چارج شیٹ پر غور کریں گی ۔ کارتی کے علاوہ ایجنسی نے اپنی چارج شیٹ میں انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 4 کے تحت دیگر 4 افراد کو بھی ملزم بنایا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے چارج شیٹ میں مختلف مقامات پر مرکزی وزیر پی چدمبرم کے نام کا ذکر کیا ہے ، لیکن انہیں اس کیس میں ملزم نہیں بنایا گیا ہے۔ ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس کیس میں ضمنی چارج شیٹ بھی داخل کرسکتی ہے۔ عدالت نے کارتی کو جو سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے فرزند ہیں ، سی بی آئی اور ای ڈی کی جانب سے بالترتیب 2011ء اور 2012ء میں داخل کردہ دو کیسس میں 10 جولائی تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا ہے ۔ مذکورہ کیسس اور ایرسیل ۔ میکسس معاملہ بھی 2G اسپکٹرم کیسس سے تعلق رکھتا ہے ۔

جواب چھوڑیں