مصر کا آج یوراگوئے سے مقابلہ۔محمد صلاح کی شرکت کا امکان

فٹبال ورلڈکپ کے دوسرے روز 3 میاچس کھیلے جائیںگے۔ پہلا میاچ مصر اور یوراگوئے کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا مقابلہ موراکو اور ایران کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دن کا تیسرا مقابلہ پرتگال اور سابق چمپئن اسپین کے بیچ ہوگا۔ یوراگوئے کے خلاف ہونے والے مقابلہ سے مصر کیلئے اچھی بات یہ رہی کہ اس کے مایہ ناز فٹبالر محمد صالح نے کندھے کی انجری سے نجات پالی اور ورلڈ کپ میں کل یوراگوئے کے خلاف پہلا میچ کھیلنے کیلئے پرامید ہیں۔ گروزنی میں موجود مصر کی ٹیم کے فارورڈ محمد صالح کا گزشتہ روز فٹنس ٹسٹ لیاگیا جس میں وہ کامیاب رہے ۔ فزیو نے ا ن کے کندھے کی انجری ختم ہونے کی تصدیق کردی جس کے بعد محمد صالح نے کہاکہ وہ یوراگوئے کے خلاف میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ محمد صالح چمپئنس لیگ کے فائنل کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ اگر صالح اس میاچ میں کھیلتے ہیں تو مصری ٹیم کو یوراگوئے کے خلاف پسندیدہ موقف حاصل ہوجائے گا۔ دریں اثناء افتتاحی مقابلہ سے قبل ایرانی ٹیم کیلئے اس وقت مسائل پیدا ہوگئے جب کھیلوں کی اشیاء تیار کرنے والی امریکی کمپنی نے ایرانی کھلاڑیوں کو جوتے فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ دن کا تیسرا مقابلہ سابق چمپئن اسپین اور کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت والی پرتگال کے درمیان ہوگا۔ اس مقابلہ میں حصہ لینے والی اسپینی ٹیم کو بھی ایونٹ کے آغاز سے قبل مسائل کا سامنا ہے کیونکہ اس کی فیڈریشن نے ایونٹ کے آغاز سے صرف دو دن قبل ہیڈ کوچ جولین لوپیٹیگ کو ڈرامائی طورپر برطرف کردیا ۔ ان کی جگہ ذمہ داری فیڈریشن کے 50 سالہ اسپورٹنگ ڈائرکٹر فرنانڈو ہائیرو کو سونپ دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو رئیل میڈرڈ نے اعلان کیا تھاکہ وہ لوپیٹیگ کو اپنا نیا کوچ مقرر کررہے ہیں جو ورلڈ کپ کے بعد کام شروع کریںگے۔ اس اعلان پر فیڈریشن اور اسپینش شائقین بھڑک اٹھے تھے۔ ان کی جانب سے اس کی ٹائمنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔

جواب چھوڑیں