کے سی آر کی آج وزیر اعظم سے بات چیت۔12فیصد مسلم تحفظات بل پر مودی سے تبادلہ خیال متوقع

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ،15 جون کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ منعقد شدنی بات چیت میں مسلمانوں کو12 فیصد تحفظات کی فراہمی بل کی منظوری کی خواہش کریں گے ۔ کے سی آر کی جمعہ کو تقریباً12:30بجے دن ، ملک کے صدر مقام میں نریندر مودی سے بات چیت ہوگی ۔ توقع ہے کہ کے سی آر بات چیت کے دوران12 فیصد مسلم تحفظات کا مسئلہ اٹھائیں گے اور مرکزی حکومت سے تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں 12فیصد مسلم تحفظات بل کو منظور کرنے کی ایک بار پھر خواہش کریں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اپریل2017 میں تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کا بل بہ اتفاق آراء منظور کیا گیا تھا اس بل میں ایس ٹی طبقہ کے تحفظات کو6فیصد سے بڑھاکر 10 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی ۔ حکومت تلنگانہ نے اسمبلی میں منظورہ اس بل کو توثیق کیلئے مرکز کو روانہ کردیا جہاں یہ بل زیر التواء ہے ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلہ میں ٹی آر ایس ارکان نے مسلم اور ایس ٹی طبقہ کے تحفظات میں اضافہ سے متعلق بل کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں مسلسل احتجاج کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، نئی دہلی میں واقع حیدرآباد ہاوز اور اس کے تحت تمام اراضی کو حکومت تلنگانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کریں گے ۔ اس تاریخی حیدرآباد ہاوز کو حیدرآباد کے سابق نظام نے تعمیر کرایا تھا۔ اس تاریخی عمارت کو حکومت ہند نے اپنی تحویل میں لے لیا اس کے بدلے مرکز نے آندھرا پردیش کو اے پی بھون دیا تھا تاہم آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعدتلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ اب یہ تمام عمارت ، حکومت تلنگانہ کی ملکیت رکھتی ہے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ اس املاک کو اے پی اور تلنگانہ میں تقسیم کیا جاناچاہے ۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر ، وزیر اعظم مودی سے تبالہ خیال کے دوران اے پی تنظیم جدید بل میں شیڈول 9 اور10 کے تحت املاک کی تقسیم کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے۔ وہ ، ہائی کورٹ کی تقسیم ، ریاست میں منظورہ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) کے لئے فنڈس منظور کرنے ، سنٹرل ٹیکس میں ریاست کی شراکت داری میں اضافہ کرنے کے ساتھ آبادی کے تناسب سے تحفظات میں اضافہ کا اختیار ریاستی حکومتوں کو حوالے کرنے کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے ۔نریندر مودی سے تبادلہ خیال کے دوران چیف منسٹر ، ریاست میں7 زونس اور 2خصوصی زونس کے قیام کی تجویز کو منظوری دینے کی بھی خواہش کریں گے ۔ ریاستی کا بینہ میں ریاست کو7 زونس اور2خصوصی زون میں تقسیم کرنے کے فیصلہ کو منظوری دی گئی تھی۔ سردست ریاست میں صرف دو ہی زون ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ4روزہ دورے پر جمعرات کو نئی دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔ راو بیگم پیٹ ایر پورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔ چار روزہ دورے کے دوران چیف منسٹر ، وزیر اعظم سے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ اور نیتی آیوک کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

جواب چھوڑیں