اتراکھنڈ میں بس کھائی میں گرپڑی‘47ہلاک

اتراکھنڈ کے ضلع پوری میں ایک بس کے گہری کھائی میں گرپڑنے کے حادثہ میں کم ازکم 47افراد ہلاک او دیگر 11 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ حادثہ، موضع گوین کے قریب پیش آیا۔ یہ موضع، دھوم کوٹ کے قریب واقع ہے۔ خانگی بس جس میں58 مسافرین سوارتھے رام نگر جارہی تھی۔ وہ 200 میٹرگہری کھائی میں گرپڑی۔ پوری کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جگت رام جوشی نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ کم ازکم 45افراد برسرِ موقع ہلاک ہوئے۔ 13 دیگر زخمی ہوئے جن میں 2نے ابتدائی مرکز صحت (پی ایچ سی) میں دم توڑدیا۔ بچاؤ ٹیموں نے زخمیوں کو فوری ہسپتال پہنچایاتھا۔ مابقی 11 زخمیوں میں 2کی حالت نازک ہے جنہیں رام نگر بھیجاگیا جبکہ 9 کا علاج دھوم کوٹ پی ایچ سی میں چل رہا ہے۔ حادثہ کی وجہ معلوم نہیں لیکن بس میں گنجائش سے زائد مسافرین سوارتھے۔ تمام نعشیں برآمد کرلی گئیں۔ گورنر کے کے پال اور چیف منسٹر ترویندرسنگھ راوت نے حادثہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر دکھ ظاہرکیا۔ چیف منسٹر نے مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا اور مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور زخمیوں کو50ہزار روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ یواین آئی کے بموجب گڑھوال موٹرس اونرس یونین کی بس صبح 8:48 بجے 70میٹرگہری کھائی میں جاگری۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے بچاؤ مہم کے لئے دہرہ دون سے 3ہیلی کاپٹر بھیجے۔

جواب چھوڑیں