ایمباپے نے پیلے کا 60 سال پرانا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

ورلڈ کپ 2018 کے پہلے ناک آؤٹ میچ میں ارجنٹائن کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارا کرانے والے فرانسیسی کھلاڑی کائلیان ایمباپے نے عظیم برازیلین فٹبالر پیلے کا 60 سال پرانا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلہ کے پہلے میچ کے دوسرے ہاف میں فرانس اور گزشتہ ورلڈکپ کی رنر اپ ارجنٹائن کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر تھا۔ اس موقع پر ایمباپے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے محض 5 منٹ کے وقفہ سے 64 ویں اور پھر 68 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اہم میچ میں اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ یکے بعد دیگرے 2 گول ہونے سے ارجنٹائن کی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اور میچ میں 3-4 کی شکست سے دوچار ہوئی اور ایمباپے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس میچ میں 2 گول اسکور کرکے ایمباپے 1998 کے بعد ورلڈ کپ میں ایک سے زیادہ گول کرنے والے پہلے نوجوان (ٹین ایجر) کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل 1998 میں فرانس میں ہونے والے عالمی کپ میں انگلینڈ کے مائیکل اوون نے 2 مختلف میاچس میں گول اسکور کیے تھے اور دلچسپ امر یہ ہے کہ اس وقت ایمباپے پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ تاہم اس سے بڑھ کر 19 سالہ ایمباپے نے عظیم برازیلین فٹبالر پیلے کا 60 سال پرانا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ فرانسیسی فٹبالر نے میچ کے دوران 2 گول اسکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ 60 سال بعد ورلڈکپ کے ایک ہی میچ میں 2 گول اسکور کرنے والے پہلے ٹین ایجر کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل 1958 کے ورلڈکپ فائنل میں سویڈن کے خلاف میچ میں برازیل کے پیلے نے 2 گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو عالمی چمپئن بنایا تھا۔

جواب چھوڑیں