برازیل‘ میکسیکو شکست دینے کیلئے پرعزم

روس کی میزبانی میں چل رہے فٹبال ورلڈکپ کے ناک آئوٹ مرحلہ کے تیسرے روز بھی 2 میاچس کھیلے جائیںگے۔ کل پہلا میاچ 5 مرتبہ کی عالمی چمپئن برازیل اور میکسیکو کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مقابلہ بلجیم اور جاپان کے درمیان ہوگا۔ دفاعی چمپئن جرمنی اور گذشتہ ایڈیشن کی رنراپ ارجنٹائن کے ایونٹ سے باہر ہوجانے کے بعد ماہرین کی نظروں میں برازیل کو طویل وقفہ کے بعد ایک مرتبہ پھر عالمی چمپئن بننے کا یہ سنہری موقع ہے۔ میکسیکو کے خلاف اسٹار کھلاڑی نیمار کی برازیل کو پسندیدہ موقف حاصل ہے تاہم لیگ مرحلہ میں میکسیکو کی جانب سے کئے گئے مظاہرہ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق برازیل کے بہتر مظاہرہ کا زیادہ تر دارومدار نیمار پر رہے گا اور اسی وجہ سے اسٹار کھلاڑی پر دبائو بھی رہے گا ۔ اسی دوران دن کے دوسرے مقابلہ میں جاپان کے خلاف بلجیم کو سبقت حاصل رہے گی ۔ بلجیم نے لیگ مرحلہ میں شاندار مظاہرہ کے ذریعہ کافی متاثر کیا جبکہ جاپان ناک آئوٹ مرحلہ میں پہنچنے والی واحد ایشائی ٹیم ہے۔ بلجیم کے پاس طاقتور دفاعی لائن ہے جس کے خلاف گول کرنا کسی بھی ٹیم کیلئے آسان کام نہیں ہے ۔ ایسے میں جاپانی کھلاڑیوں کو ایک سخت چیالنج درپیش رہے گا۔ تاہم جاپان کے ہیڈکوچ نے کہاکہ ناک آئوٹ مرحلہ میں رسائی کے باعث کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ حریف ٹیم کو شکست دینے کیلئے پرعزم بھی ہیں ۔ برازیل اور میکسکو کے درمیان کھیلا جانے والا مقابلہ رات 7:30 بجے سے شروع ہوگا جبکہ بلجیم اور جاپان کا میاچ رات 11:30 بجے سے کھیلا جائے گا ۔

جواب چھوڑیں