حکومت نے 2014کے واقعات سے کوئی سبق نہیں سیکھا:عمر عبداللہ

سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر عمر عبداللہ نے الزام لگایاکہ 2014سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا گیا جبکہ اس وقت اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بچائو سرگرمی کو سیاسی رنگ دیا گیا تھا۔ انہوںنے بتایاکہ صرف 48گھنٹے بارش کے نتیجہ میں وادی کشمیر کے عوام دہشت زدہ ہوتے ہوئے سطح آب کو بلند ہوتا ہوا اور نشیبی علاقوں کو زیر آب آتے ہوئے دیکھتے رہے۔ عمر عبداللہ نے وادی میں سیلاب سے تحفظ اور گھدائی پر صرف کردہ مبینہ رقم کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ فیس بک پیام میں نیشنل کانگریس این سی کے قائد نے بتایاکہ 2014میں سیلاب نے ریاست کے بڑے حصوں میں تباہی برپا کی تھی بالخصوص وادی کشمیر شدید متاثر ہوئی تھی اُس وقت ایک بہت ہی منظم مہم چلائی گئی تھی تاکہ اُن کی حکومت کو غیرموثر ثابت کیا جاسکے۔ انہوںنے الزام لگایاکہ سری نگر ا یرپورٹ پر فوٹو گرافرس کو روک دیا گیا تھا جبکہ ایک من گھڑت داستان بیان کی گئی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ جو کچھ کیا گیا اُس سے وہ زرہ بھی ناراض نہیں ہیں۔ الیکشن کے قریب تھے لہٰذا بچائو سرگرمیوں کو سیاسی رنگ دینا کوئی حیرت انگیز بات نہیں ہے۔ انہوںنے بتایاکہ حقیقت تو یہ ہے کہ فوری راحت کاری سیاسی مصلحت کی ضروریات کے تابع تھی۔ انہوںنے بتایاکہ یہ بھی تجویز تھی کہ صرف انتخابات کے بعد نئی حکومت آنے پر ہی راحت فراہم کی جائے گی۔ 2015کے اوائل میں مفتی سعید نے بی جے پی کے ساتھ اپنے اتحاد کو حق بجانب قراردینے سیلاب راحت کاری کی ضرورت کا اظہار کیا تھا۔انہوںنے بتایاکہ آج 2018میں ہم یہ سوال کرنے پر مجبور ہیں کہ اُن تمام وعدوں کا کیا ہوا ہے اور اُن تمام تحفظ سیلاب سرگرمیوں کا کیا حشر ہوا ہے جو مبینہ طورپر کئے جانے والے تھے۔ جہیلم اور سیلاب نہروں کو گہرا کرنے کی کارروائی کا کیا ہوا جس کا مقصد آبی بہائو کی صلاحیت میں اضافہ تھا۔ آج صرف 48گھنٹوں کی بارش جو بہت شدید بھی نہیں تھی اُس کے نتیجہ میں ہم بلند مقامات کی تلاش پر مجبور ہوگئے۔ سراسیما عوام نے پانی کی سطح میں اضافہ اور نشیبی علاقوں کو زیر آب آتے ہوئے دیکھا ۔ انہوںنے الزام لگایاکہ ایک اور نمایاں ثبوت اس بات کا ثبوت موجود ہے ہمیں جہیلم ندی کے کنارہ پر سیلاب کنٹرول اراضی پر زیر تعمیر ہوٹل کی کیا ضرورت ہے ۔ سیلاب کے ابتدائی ایام میں اِس اراضی سے راج باغ کا تحفظ ہوا تھا اور ساتھ ہی ساتھ اِس اراضی کو بارش کے رک جانے کے بعد راج باغ سے پانی کی نکاسی کیلئے استعمال کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں