دیوے گوڑا کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات

سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے اتوار کو پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ جنتادل ایس کے قائد نے جو نجی دورہ پر شہر حیدرآباد آئے ہوئے ہیں، یہاں کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ بات چیت کی ۔ چیف منسٹر آفس کے ذرائع نے اس بات کو خیر سگالی بتایا ۔ سمجھا جارہا ہے کہ ان دو قائدین نے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور غیر کانگریس اور بی جے پی وفاقی محاذ ( فیڈرل فرنٹ) کی تشکیل میں پیش رفت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ گذشتہ اپریل میں چیف منسٹر وائی ایس آر سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے بنگلور کا دورہ کرتے ہوئے وفاقی محاذ کے قیام کے موضوع پر سابق وزیر اعظم دیوئے گوڑا سے تبادلہ خیال کیا تھا ۔ یو این آئی کے بموجب دیوے گوڑا اور کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، ملک میں معیاری تبدیلیوں کیلئے ہم خیال جماعتوں کے تعاون سے بی جے پی اور کانگریس کے متبادل وفاقی محاذ کے قیام کے مسئلہ پر بات چیت کی ۔ اس بات چیت کے موقع پر ریاستی وزیر کے ٹی آر بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ اور دفتر میں کے چندر شیکھر راؤ نے دیوے گوڑا کا پرجوش خیر مقدم کیا اور انہیں مومنٹو بھی پیش کیا۔ قبل ازیں اتوار کے روز صبح میں دیوے گوڑا نے کانگریس قائد و ایم پی‘ سبی رام ریڈی کے پوترے کی شادی تقریب میں شرکت کی ۔ بعدازاں سابق وزیر اعظم بیگم پیٹ ایر پورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ بنگلورو روانہ ہوگئے ۔ واضح رہے کہ دیوئے گوڑا کی چیف منسٹر کے ساتھ ہفتہ کو بات چیت کا شیڈول طے تھا مگر گوڑا کی فلائٹ تاخیر سے آنے کے سبب ہفتہ کی ملاقات کو ملتوی کردیا گیا۔

جواب چھوڑیں