روس پنالٹی شوٹ آوٹ کے ذریعہ کوارٹر فائنل میں‘ اسپین کو4-3 سے شکست

میزبان روس فیفا ورلڈ کپ2018 کے کوارٹر فائنل میںداخل ہوگیا۔سنسنی خیز اوردلچسپ مقابلہ میں اس نے 2010 کی ورلڈ چمپئن اسپین کوپنالٹی شوٹ آوٹ میں 4-3 سے ہرادیا۔مقررہ وقت کے دوران دونوں ٹیموںنے1-1 گول بنایاتھا۔ آج اسپین کی بدنصیبی سرچڑھ کر بول رہی تھی، حالانکہ12ویں منٹ میں روسی کھلاڑی سرجے اگناسیوچ نے سیلف گول کرلیا جس کے نتیجہ میںاسپینی ٹیم کو1-0کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ وقفہ سے5منٹ قبل41ویں منٹ میں روسی ٹیم کوپنالٹی کک حاصل ہوئی جسے آرٹیم زیوبانے کامیابی کے ساتھ نیٹ میںداخل کرتے ہوئے مقابلہ کوبرابری پر لالیا۔ کھیل کے دوسرے حصہ میںکوئی گول نہیں بنایاجاسکا۔ دونوںہی ٹیمیںکامیابی کے لئے حملے اورجوابی حملے کررہے تھے۔ روسی ٹیم کومقامی شائقین کی زبردست حمایت حاصل تھی۔ زائد وقت کے دوران بھی گول نہیں ہوسکا۔ چنانچہ پنالٹی شوٹ کا طریقہ کار اپنایاگیا۔جس میںروس کے سمولوکے علاوہ سرجے اگناسیوچ، گولوین اور چیریشیونے پنالٹی کک کوکامیابی کے ساتھ نیٹ میںداخل کیا۔ دوسری جانب اسپین کے انیسٹاکے علاوہ پیکیواورراموس نے کامیابی کے ساتھ گول بنائے جبکہ اسپینی کھلاڑی کوکے کی لگائی گئی پنالٹی کک کوروسی گول کیپر اکینفیونے کامیابی کے ساتھ روک لیا۔ انہوںنے ایک اوراسپینی کھلاڑی ریاگو اسپاس کی لگائی گئی پنالٹی کک کوروکتے ہوئے ٹیم کوکامیابی سے ہمکنار کردیا۔ فاتح ٹیم کے ایگواکنفیو کوپلیرآف دی میاچ کا ایوارڈ دیاگیا۔٭٭٭قبل ازیں کل شب فٹبال ورلڈکپ میں یوراگوئے نے یورو چمپئن پرتگال کی ٹیم کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جس کے ساتھ ہی لیونل میسی کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم بھی عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ روس کے شہر سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 7 ویں منٹ میں کوانی نے گول کرکے یورا گوئے کو برتری دلا دی۔ میچ کے بقیہ ہاف میں پرتگال کی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گول کرنے کی لاتعداد کوششیں کیں لیکن وہ ایک میں کامیاب نہ ہوسکے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک یوراگوئے کو 0-1 کی برتری حاصل تھی ۔ دوسرے کے 10 ویں منٹ میں تجربہ پرتگالی کھلاڑی پے پے نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند کو نیٹ میں پہنچاکر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ تاہم پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور میچ کے 62 ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی ایک اور گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کے دوران عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بجھے بجھے نظر آئے اور ایک بھی موقع پر گول کی جانب شاٹ نہیں مارا ۔ اس سلسلے میں یورا گوئے کا دفاع بھی شاندار رہا جنہوں نے پورے میچ میں رونالڈو کا گھیراؤ کیے رکھا اور انہیں کسی بھی موقع پر کھل کرکھیلنے کا موقع نہ دیا جس نے پرتگال کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی راہ دشوار بنادی۔ پرتگال نے میچ میں دوبارہ واپسی اور گول اسکور کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن خراب فنشنگ کے ساتھ ساتھ یوراگوئے کے عمدہ دفاع نے انہیں گول کرنے سے باز رکھا اور وہ میچ میں 1-2 کی شکست سے دوچار ہوگئے۔ اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی رونالڈو اور پرتگال کا ورلڈکپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا جبکہ رونالڈو کا اپنی ٹیم کو عالمی کپ جتانے کا خواب بھی چکناچور ہوگیا۔ یوراگوئے کی ٹیم کا کوارٹر میں فرانس سے ہوگا۔

جواب چھوڑیں