سیتا رمن سے ملاقات سے انکار۔ وزیر دفاع برطانیہ پر ساتھیوں کی تنقید

برطانیہ کے وزیر دفاع گوین ولیمسن ، ہندوستان کی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے ساتھ باہمی ملاقات (کی تجویز) مسترد کرنے پر خود برطانوی کابینہ میں مبینہ طور پر ہدفِ تنقید بن گئے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں یہ بات بتلائی گئی ، جس کو نرملا سیتا رمن نے ’’بے بنیاد‘‘ قرار دے کر مسترد کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ میٹنگ کیلئے درخواست ہندوستانی عہدیداروں نے ایک ماہ قبل کی تھی اور کم از کم دو برطانوی وزراء بشمول معتمد ِ خارجہ بورس جانسن نے مبینہ طور پر ولیمسن کو نرملا سیتا رامن سے ملاقات کی اہمیت کا قائل کرایا تھا اور اس ملاقات کے لیے اپنی ڈائری میں وقت کا اندراج کرنے کے لیے کہا تھا ۔ برطانوی سکریٹری آف اسٹیٹ برائے ڈیفنس ولیمسن نے گذشتہ 20 جون اور 22 جون کے درمیان سیکوریٹی ، تعاون اور دفاعی خریدی کے موضوعات پر نرملا سیتا رمن سے باہمی مذاکرات کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اخبار سنڈے ٹائمز نے یہ اطلاع دی ۔ نرملا سیتا رمن نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ مذکورہ ’’بے بنیاد کہانی‘‘ پر انہیں بڑی مایوسی ہوئی ۔

جواب چھوڑیں