شمالی کوریا نیوکلیر سرگرمیوں سے متعلق امریکہ کو دھوکہ دے رہاہے :واشنگٹن پوسٹ

امریکی اخبار “واشنگٹن پوسٹ” کے مطابق شمالی کوریا جس نے سنگاپور کی تاریخی سربراہ ملاقات میں اپنے جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے کے حوالے سے پیش رفت کا عزم کیا تھا، اس وقت اپنی جوہری سرگرمیوں کو امریکا سے چْھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔اخبار نے کل اپنی اشاعت میں (شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر) امریکی عہدیداران کے حوالے سے بتایا ہے کہ 12جون کو ڈونالڈ ٹرمپ اور کِم جونگ اْن کی ملاقات کے بعد سے حاصل ہونے والے اشارے ایسے خفیہ مقامات کی موجودگی کا پتہ دے رہے ہیں جن کا مقصد جوہری ہتھیاروں کی خفیہ تیاری کے ذرائع اختیار کرنا ہے۔اخبار نے مذکورہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ذخیروں اور پیداواری ٹھکانوں کا کچھ حصّہ محفوظ رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ پیونگ یانگ واشنگٹن کے سامنے جوہری ہتھیاروں کی تلفی کے عزم کے ساتھ خفیہ طور پر اپنا جوہری پروگرام جاری رکھنا چاہتا ہے۔رواں ہفتے کے اختتام پر امریکی ٹی وی نیٹ ورک NBC نے باور کرایا کہ پیونگ یانگ کئی خفیہ ٹھکانوں میں ایسے ایندھن کی تیاری میں اضافہ کر رہا ہے جو جوہری ہتھیاروں کے لیے مخصوص ہے۔واضح رہے کہ سنگاپور میں ٹرمپ اور کِم کے درمیان سربراہ ملاقات کے نتیجے میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمہ کے حوالے سے کوئی شیڈول سامنے نہیں آیا تھا۔اسی طرح امریکی نیٹ ورک نے انٹیلی جنس عہدے داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں سے حقیقی دست برداری کے بجائے امریکہ سے ہر ممکن رعائتیں اچکنا چاہتا ہے۔

جواب چھوڑیں