ضیاء گوڑہ میں ڈبل بیڈروم مکانات کے کاموں کا کے ٹی آر نےمعائنہ

ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق وشہری ترقیات کے تارک راما راؤ نے اتوار کو شہر کی ضیا گوڑہ میونسپل کالونی کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوںنے عہدیداروں کو امکنہ کے تعمیری کاموں میں تیزی لانے اور جلد از جلد کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ غریبوں کو دئیے جانے والے مکانات کے تعمیری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تقریباً840 خاندانوں کو یہ مکانات الاٹ کئے جائیں گے ۔ ان مکانات سے مربوط کام قریب الختم ہیں۔ ان ڈبل بیڈروم مکانات کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد گذشتہ سال یکم جولائی کو رکھا گیا تھا ۔ انہوںنے عہدیداروں سے ماڈل پراجکٹ، کاموں کے معیار اور عصری سہولتوں کی دستیابی کے بارے میں بات چیت کی ۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو بعجلت ممکنہ پراجکٹ کے کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی اور مستحق خاندانوں کو ان مکانات میں ٹھہرانے کیلئے انتظامات کا مشورہ دیا۔ اس علاقہ میں8.17 ایکر اراضی پر اس پراجکٹ کو روبہ عمل لایا جارہا ہے جس کی تعمیر پر71.40 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ہر ایک مکان560 مربع گز پر مشتمل رہے گا اور ایک گھر کی تعمیر پر 8.50لاکھ روپے کا خرچ آئے گا۔ حکومت نے شہر کے 1.25 لاکھ غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اضلاع میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا نشانہ رکھا گیا ہے ۔ شہر کے ضیا ء گوڑہ کے مقام پر غریبوں کو بہت جلد مستقل طور پر مکانات الاٹ کئے جائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی12 بلاکس تعمیر کررہا ہے جہاں مستحق افراد کو ڈبل روم مکانات کے ساتھ عصری سہولتیں فراہم کرنے کی سعی کی جارہی ہے اور یہ مکانات استفادہ کنندگان میں مفت حوالے کئے جائیں گے ۔ وزیر کے ٹی آر کے ساتھ مئیر بی رام موہن اور دیگر موجو دتھے۔

جواب چھوڑیں