عراق کے شہر کرکک میں کار بم دھماکہ

عراق میں پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز کرکک صوبہ کے داخلی راستے پر ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکا مئی میں ہونے والے انتخابات کے بیلٹ بکسوں کے گودام کے نزدیک ہوا۔دھماکے کے سبب گودام کی عمارت کو معمولی نقصان پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ خودکش کارروائی تھی۔یاد رہے کہ عراق میں خود مختار اور آزاد انتخابی کمیشن کے ترجمان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ گزشتہ ماہ مئی میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں ووٹوں کی ہاتھوں سے گنتی کا آغاز منگل کے روز سے ہو گا۔ بیان کے مطابق ہاتھوں کے ذریعے صرف اْن ووٹوں کی گنتی کی جائے گی جن کے حوالے سے انتخابی کمیشن کو شکایات یا جعل سازی کی سرکاری طور پر رپورٹیں موصول ہوئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی دوبارہ گنت منگل کے روز کرکوک میں شروع ہو گی۔ بعد ازاں اس میں مزید 6 صوبے سلیمانیہ، اربیل، دھوک، نینوی، صلاح الدین اور انبار کو شامل کیا جائے گا۔عراق میں فیڈرل سپریم کورٹ نے 21 جون کو عراقی پارلیمنٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے قانون ساز انتخابات کے سلسلے میں ہاتھ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

جواب چھوڑیں