عوام کے ساتھ مودی کا غیر منصفانہ رویہ : سدھاکر ریڈی

حیدرآباد سی پی آئی کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی مودی حکومت، ملک کی عوام کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے ۔ دلتوں، اقلیتوں ، آدی واسیوں، اور کمزور طبقات پر ہندوتوا ، آر ایس ایس اور بحرنگ دل کے کارکن ، حملے کررہے ہیں۔ ان طاقتوں کے خلاف ہمیں جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے 4سالہ دور اقتدار میں ہر شعبہ حیات میں ترقی کا فقدان صاف دکھائی دے رہا ہے ۔ مودی صرف سرمایہ داروں اور دولتمندخاندانوں کیلئے کام کرتے ہوئے ملک کے عوام کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے دن صرف چند افراد کیلئے ہیں ۔ برے دن غرباء ومتوسط طبقات کیلئے ہیں ہم مودی کو اقتدار سے بے دخل کرنے تک چین کی سانس نہیں لیں گے ۔ ملک کی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سی پی آئی بھی اہم کردار ادا کرے گی ۔ سٹی جنرل باڈی کا اجلاس، سی پی آئی کے سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس سے سی پی آئی کے قومی رکن عاملہ سید عزیز پاشاہ، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور دیگر نے خطاب کیا ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ کے سی آر، مودی کے راستہ پر چلنے والے چیف منسٹر ثابت ہوئے ہیں۔ مودی نے چندرا بابو نائیڈو کو ملاقات کا وقت نہیں دیا لیکن کے سی آر کو چار مرتبہ وقت دے چکے ہیں انہوںنے کہا کہ ہندوستانی نیک نامی کو مودی متاثر کررہے ہیں۔ اب ملک میں خواتین کا کوئی تحفظ نہیں رہا اس تعلق سے سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے ۔ اس وقت ہندوستان میں معاشی، صحت عامہ کی صورتحال پڑوسی ممالک سے بھی کمزور ہوچکی ہے۔

جواب چھوڑیں