پاکستان نے زمبابوے کو 74 رن سے ہرادیا

سلامی بلے باز فخر زمان کی نصف سنچری اور میان آف دی میاچ آصف علی کی جارحانہ بیاٹنگ کی مدد سے پاکستان نے سہ رخی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی مقابلہ میں میزبان زمبابوے کو 74 رن سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 185 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 17.5 اوورس میں 108 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ زمبابوے کیلئے تاریسائی مساکنڈا نے سب سے زیادہ 43 رن اسکور کئے جبکہ سلامی بلے باز سولومون مائیر نے 27 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ہیملٹن مساکڈزا 7 اور ایلٹن چگمبورا 14 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز‘ عثمان خان‘ حسن علی اور محمد حفیظ نے 2,2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے سلامی بلے باز فخر زمان کی نصف سنچری کی مدد سے 182 رن بنائے ۔ فخر زمان نے 40 گیندوں میں 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رن اسکور کئے۔ دوسرے اوپنر محمد حفیظ صرف 7 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ حسین طلعت نے 10 جبکہ کپتان سرفراز احمد نے صرف 16 رن اسکور کئے۔ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اور نوجوان بیاٹسمن آصف علی نے پانچویں وکٹ کیلئے ناقابل شکست 62 رنوں کی شراکت داری کی ۔ شعیب ملک 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 جبکہ آصف علی 1 چوکا اور 4 چھکوں کی مدد سے 41 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ میزبان زمبابوے کی جانب سے فاسٹ بولرس ٹنڈائی چیسورو نے 2 جبکہ کائیل جارویس اور چامو چبھابھا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا مقابلہ عالمی نمبر ایک پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں