یوراگوئے کوارٹر فائنل میں داخل‘ پرتگال کو 2-1 سے شکست

فٹبال ورلڈکپ میں یوراگوئے نے یورو چمپئن پرتگال کی ٹیم کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جس کے ساتھ ہی لیونل میسی کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم بھی عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ روس کے شہر سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 7 ویں منٹ میں کوانی نے گول کرکے یورا گوئے کو برتری دلا دی۔ میچ کے بقیہ ہاف میں پرتگال کی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گول کرنے کی لاتعداد کوششیں کیں لیکن وہ ایک میں کامیاب نہ ہوسکے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک یوراگوئے کو 0-1 کی برتری حاصل تھی ۔ دوسرے کے 10 ویں منٹ میں تجربہ پرتگالی کھلاڑی پے پے نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند کو نیٹ میں پہنچاکر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ تاہم پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور میچ کے 62 ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی ایک اور گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کے دوران عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بجھے بجھے نظر آئے اور ایک بھی موقع پر گول کی جانب شاٹ نہیں مارا ۔ اس سلسلے میں یورا گوئے کا دفاع بھی شاندار رہا جنہوں نے پورے میچ میں رونالڈو کا گھیراؤ کیے رکھا اور انہیں کسی بھی موقع پر کھل کرکھیلنے کا موقع نہ دیا جس نے پرتگال کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی راہ دشوار بنادی۔ پرتگال نے میچ میں دوبارہ واپسی اور گول اسکور کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن خراب فنشنگ کے ساتھ ساتھ یوراگوئے کے عمدہ دفاع نے انہیں گول کرنے سے باز رکھا اور وہ میچ میں 1-2 کی شکست سے دوچار ہوگئے۔ اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی رونالڈو اور پرتگال کا ورلڈکپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا جبکہ رونالڈو کا اپنی ٹیم کو عالمی کپ جتانے کا خواب بھی چکناچور ہوگیا۔ یوراگوئے کی ٹیم کا کوارٹر میں فرانس سے ہوگا۔ اس سے قبل دن کے پہلے میچ میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائن کو بھی شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ اس طرح فٹبال کی دنیا کے دو سب سے بڑے ستاروں میسی اور رونالڈو دونوں کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہوگئیں۔

جواب چھوڑیں