لکھنؤ ایرپورٹ پر راہول گاندھی کا گرمجوشانہ خیرمقدم

صدر کانگریس راہول گاندھی کا اترپردیش کے کانگریس کارکنوں نے آج یہاں چودھری چرن سنگھ انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گرمجوشانہ خیرمقدم کیا ، جو اپنے پارلیمانی حلقہ امیٹھی کے دورہ کے لیے نئی دہلی سے یہاں پہنچے ۔ یوپی کانگریس کے صدر راج ببر اور دیگر سینئر قائدین جیسے لیجسلیچر پارٹی قائد اجئے کمار لالو ، ایم ایل سی دیپک سنگھ ، سینئر قائدین جتن پرساد ، پرمود تیواری اور ونود کمار مشرا نے راہول گاندھی کو گلدستے پیش کرتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا ۔ تقریباً کانگریسیوں کو پارٹی صدر کے خیرمقدم کے لیے ایرپورٹ کے احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ، جب کہ دیگر سینکڑوں کارکن باہر منتظر تھے جوکانگریس و گاندھی خاندان کے جانشین کی تائید میں نعرے بلند کررہے تھے۔ ریاستی قائدین سے ملاقات کے بعد راہول گاندھی بذریعۂ سڑک امیتھی کے لیے روانہ ہوگئے ۔ یوپی کانگریس کے صدر بھی قومی صدر کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گئے اور باور کیا جاتا ہے کہ انہوں نے راہول گاندھی کو ریاست کی تازہ ترین سیا سی صورتحال سے واقف کرایا۔کہا جاتا ہے کہ راج ببر نے ریاستی میڈیا پینل کے انتخاب کے لیے منعقدہ امتحان کے بارے میں بھی بتایا ۔ انہوں نے ترجمان بننے کے امیدواروں میں اپنے پسندیدہ امیدواروں کی نشاندہی بھی کی ۔ راہول گاندھی آج سے اپنے پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ توقع ہے کہ وہ اپنی والدہ اور یوپی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کے حلقہ رائے بریلی میں بھی کچھ وقت گذاریںگے۔ کانگریس ایم ایل سی سنگھ نے جو قومی صدر کے ہمراہ تھے ، بتایا کہ راہول گاندھی ، پارٹی کارکنوں سے ملاقات کریںگے اورکئی پروگراموں میں شرکت کریںگے۔ وہ ایک مسلم کسان کے ارکانِ خاندان سے بھی ملاقات کریںگے جو مئی میں اپنی پیداوار فروخت کرنے سرکاری خریداری مرکز پہنچا تھا اور چار دن تک شدید دھوپ میں رہنے سے فوت ہوگیا تھا۔ سنگھ نے بتایا کہ اِس کسان کی موت ، ریاستی حکومت کے بے حس رویے کی نشاندہی کرتی ہے۔ مذکورہ کسان ، اپنی پیداوار فروخت کرنے کئی دن تک انتظار کرتے ہوئے فوت ہوگیا، تاہم کسی بی جے پی قائد نے کبھی اس کے مکان کا دورہ نہیں کیا ۔ صدر کانگریس چنندہ کارکنوں کے ساتھ پارٹی سے متعلق مسائل اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال بھی کریںگے ۔ یہ ملاقات تلوئی اسمبلی حلقہ کے فرصت گنج علاقہ میں ہوئی ۔

جواب چھوڑیں