کلدیپ یادو نے ہمیں بالکل بھی موقع نہیں دیا: ایون مارگن

ہندوستانی ٹیم نے اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20مقابلے میں انگلینڈ کو 8وکٹ سے شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے کامیابی کی بنیاد ‘ نوجوان اسپنر کلدیپ یادو نے رکھی جنہوں نے 24رن دے کر5وکٹس حاصل کیے۔ ان کی شاندار گیند بازی کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم ایک بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہی۔ انگلینڈ کے کپتان ایون مارگن نے بھی کلدیپ یادو کی کافی ستائش کی اور کہا کہ کلدیپ نے ہمیں بالکل بھی موقع نہیں دیا۔ میاچ کے بعد مارگن نے کہا کہ کلدیپ یادو نے 4بال پر 3وکٹ لے کر ہمیں میاچ سے پوری طرح باہر کردیا۔ اس نے کافی شاندار گیند بازی کی اور یہی وجہ رہی ہے کہ ہم 30-40رن کم بناسکے۔ مارگن نے کہا کہ ہماری شروعات کافی اچھی ہوئی تھی۔ لیکن کلدیپ نے درمیانی اوورس میں بازی پلٹ دی۔ اگر آپ کسی ایسے بولر کا سامنا کررہے ہیں جو کہ دونوں طرف سے بال کو اسپن کرانے کی قابلیت رکھتا ہے تو پھر اسے کھیلنے میں ذرا مشکل ہوتی ہے۔ ہمیں پتا ہے کہ ہم اسے اچھی طرح سے کھیل سکتے ہیں۔ اس لیے اگلے میاچ کے لیے ہمیں صحیح منصوبہ بنانا ہوگا اور ان پر کھرا اترنا ہوگا۔ مارگن نے ہندوستانی بیاٹسمنس کی بھی ستائش کی او رکہا کہ انہوں نے ہمارے اسپنروں کو عمدہ طریقے سے کھیلا۔ خاص کر ایل راہول نے لاجواب بیاٹنگ کی۔ اگر شروعات میں ملے مواقع کو ہم نے بھنایا ہوتا تو تصویر کچھ الگ ہوسکتی تھی۔ بائونڈری لائن پر کرس جارڈن کا کیاچ تھوڑی دور رہ گیا اور پوائنٹ پر کے ایل راہول کا کیاچ بھی چھوٹا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے ایک وقت بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہی تھی، لیکن کلدیپ یادو نے ایک ہی اوور میں ایون مارگن ، جو روٹ اور جانی بیسٹرا کا وکٹ لے کر میاچ کا رخ ہندوستان کی طرف موڑدیا۔ اس کے علاوہ کلدیپ نے آخر میں جوس بٹلر کا بھی وکٹ لیا جو بہترین بیاٹنگ کررہے تھے۔

جواب چھوڑیں