غریبوں کو ذاتی مکان فراہم کرنے حکومت کی مساعی

چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابونائیڈو نے کہا کہ ان کی حکومت‘ این ٹی آر ہائوزنگ اسکیم کے تحت غریبوں میں مکانات فراہم کرتے ہوئے ان کے ذاتی مکان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ نائیڈو نے ریاست بھر میں تین لاکھ نئے مکانات کی گھر بھرائی تقاریب کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ این ٹی آر ہائوزنگ اسکیم کے تحت ریاست کے تمام اصلاع میں غریبوں کیلئے یہ مکانات تعمیر کئے گئے۔ اس سلسلہ میں وجئے واڑہ کے اسٹیڈیم میں منعقدہ گھر بھرائی تقاریب کا افتتاح کرنے کے بعد چیف منسٹر نائیڈو نے ضلع کلکٹرس اور چند استفادہ کنندگان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس سے خطاب کیا۔ بعدازاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابونائیڈو نے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں تقریباً 3لاکھ 346مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں جمعرات کے روز ایک ساتھ گھر برھائی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی کسی ریاست حکومت نے تین لاکھ مکانات تعمیر کرنے اور ان مکانات کو غریبوں میں حوالے نہیں کیا ہے مگر یہ اعزاز آج اندھراپردیش کو حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2017-18کے درمیان 3لاکھ تین ہزار 164مکانات تعمیر کئے جن پر 3764کروڑ روپئے صرف کئے گئے۔ 57,296ایس سی‘ 24332ایس ٹی‘ ایک لاکھ 43ہزار بی سی اور 75,713دیگر طبقات میں یہ مکانات تقسیم کئے گئے۔ ان مکانات کی تعمیر پر ریاستی حکومت نے 6,260کروڑروپئے خرچ کئے جبکہ مرکزی حکومت نے 1296کروڑ روپئے جاری کئے تھے۔ نائیڈو نے متعلقہ عہدیداروں کو مزید 3لاکھ مکانات تعمیر کرنے اور 2اکتوبر کو ان مکانات کی گھر بھرائی تقاریب کے اہتمام کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ریاست میں تاحال 5.80لاکھ امکنہ تعمیر کیلئے ہر ایک مکان کو قابل رہائش بنایا گیا اور تمام تر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ چیف منسٹر چندرابابونائیڈو نے این ٹی آر ہائوزنگ اسکیم کے تحت غریبوں کیلئے مزید 5لاکھ امکنہ کی منظوری کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت‘ غریبوں کو ذاتی مکان فراہم کرنے کے عہد پر قائم رہے گی۔ ضلع کرشنا میں آنے والے دنوں میں تقریباً 60ہزار افراد میں امکنہ حوالے کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر امکنہ واطلاعات وتعلقات عامہ کے سرینواسلو نے کہا کہ تین لاکھ مکانات میں بیک وقت گھر بھرائی تقاریب کا اہتمام انتہائی قابل ستائش بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بے گھر غریبوں کیلئے 4.15لاکھ مکانات تعمیر کرائے ہیں۔ سرینواسلو نے کہا کہ حکومت نے آندھراپردیش کو سال 2002تک جھونپڑیوں سے پاک ریاست میں تبدیل کرنے کا نشانہ رکھا ہے۔ نشانہ کی تکمیل کیلئے غریبوں کیلئے پکے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے امکنہ کے تعمیری کاموں میں بدعنوانیوں سے متعلق اپوزیشن وائی ایس آر سی پی کے الزامات کو خارج کردیا اور اپوزیشن کو چیالنج کیا کہ بدعنوانیوں کے الزامات کو ثابت کرکے دکھائیں۔

جواب چھوڑیں