ہندوستان اور انگلینڈ آج دوسرا ٹی۔20 کھیلیں گے‘ میاچ 10 بجے شب سے

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میاچ کل کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ 3 میاچس کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو 1-0 کی سبقت حاصل ہے جس نے افتتاحی مقابلہ میں 8 وکٹس سے جیت حاصل کی تھی۔ اس طرح کل ہونے والے مقابلہ میں بھی کامیابی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم سیریز میں ناقابل شکست سبقت اپنانے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستان نے پہلے میاچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام تینوں شعبوں میں میزبان ٹیم کو ہرایاتھا۔ بائیں ہاتھ کے نوجوان اسپنر کلدیپ یادو نے کیریر کی بہترین بولنگ (24 رن کے عوض 5 وکٹس) کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیاتھا۔ انگلش بلے باز کلدیپ کا مقابلہ کرنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئے تھے۔ کلدیپ یادو نے اپنے اسپل کے دوران صرف 4 گیندوں میں 3 وکٹس حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو پوری طرح پیچھے ڈھکیل دیاتھا۔ جسپریب بمراہ کی غیرموجودگی میں بھونیشور کمار اپنا اثر دکھانے میں ناکام رہے تاہم طویل عرصہ بعد مختصر فارمیٹ میں واپسی کرنے والے فاسٹ بولر اومیش یادو آئرلینڈ کے بعد انگلینڈ کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے۔ بیاٹنگ کے شعبہ میں کے ایل راہول نے انگلش بولرس کی جم کر پٹائی کی تاہم وہ بدقسمتی سے سنچری اسکور نہیں کرپائے۔ سریش رائنا‘ کپتان دھونی‘ روہت شرما‘ شکھر دھون اور مہیندر سنگھ دھونی کی شکل میں ہندوستان کے پاس ایسے بلے باز ہیں جن کے خلاف بولنگ کرنا کسی بھی گیندباز کیلئے آسان نہیں ہوتا۔ کپتان کوہلی نے کہاکہ وہ سیریز کا فیصلہ کل کارڈف میں ہی کرنا چاہیںگے۔ دوسری جانب میزبان کپتان مورگن نے کہا کہ ان کی ٹیم مضبوط طریقے سے واپسی کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلے بازوں کو ہندوستانی اسپنرس کے خلاف سوچ سمجھ کر کھیلنا ہوگا کیونکہ ٹیم انڈیا کے پاس دنیا کے بہترین اسپنرس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوسرے مقابلہ میں ہمارے بلے باز ہندوستانی اسپنرس کے خلاف بہتر مظاہرہ کریںگے۔ واضح رہے کہ پہلے میاچ میں اوپنرس جیسن رائے کے 30 اور جوز بٹلر کے 69 رنوں کے باوجود صرف 159 رنوں تک ہی پہنچ پائی تھی جسے ہندوستان نے 18.2 اوورس میں صرف 2 وکٹس کھوکر حاصل کرلیاتھا۔ بہرحال کل جہاں ہندوستانی ٹیم سیریز اپنے نام کرنا چاہے گی وہیں میزبان ٹیم کامیابی کے ذریعہ خود کو سیریز میں برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 10 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں