آسیہ اندرابی ‘ 10 دن کی این آئی اے تحویل میں

 آسیہ اندرابی اور دیگر 2 کشمیری علیحدگی پسند قائدین کو دہلی کی ایک عدالت نے آج این آئی اے کی 10 روزہ تحویل میں دے دیا۔ کیس‘ ملک کے خلاف مبینہ جنگ چھیڑنے کا ہے۔ تینوں کو آج سری نگر سے نئی دہلی لایا گیا اور ضلع و سیشن جج پونم بمبا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ این آئی اے نے عدالت سے کہا کہ ممنوعہ دختران ِ ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی سے وادی کشمیر میں ان کی نفرت انگیز تقاریر کے بارے میں پوچھ تاچھ کرنی ہے۔ این آئی اے نے آسیہ اندرابی اور ان کی 2 سہیلیوں صوفی فہمیدہ اور ناہدہ نسرین کی 15 دن کی تحویل مانگی۔ انہیں کڑے پہرہ میں عدالت میں پیش کیا گیا اور پوری کارروائی بندہ کمرہ اجلاس میں ہوئی۔ کیس سے جڑے وکیلوں کو کورٹ روم میں آنے دیا گیا جنہوں نے باہر آکر عدالتی کارروائی کی جانکاری میڈیا کو دی۔ تینوں کے خلاف کیس جاریہ سال اپریل میں درج ہوا تھا۔ آسیہ اندرابی‘ سری نگر جیل میں تھیں کیونکہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے گذشتہ ماہ ان کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی۔ این آئی اے نے مرکزی وزارت ِ داخلہ کی ہدایت پر تینوں خواتین اور ان کی تنظیم کے خلاف کیس درج کیا تھا۔ آئی اے این ایس کے بموجب این آئی اے عہدیدار ‘ آسیہ اندرابی اور ان کی سہیلیوں کو سری نگر سنٹرل جیل سے سری نگر انٹرنیشنل ایرپورٹ لے آئے جہاں سے انہیں ذریعہ طیارہ نئی دہلی منتقل کیا گیا۔

جواب چھوڑیں