انگلینڈ آج سویڈن کے خلاف جیت کیلئے پرعزم

روس کی میزبانی میں کھیلے جارہے فٹبال ورلڈکپ 2018 میں کل بھی 2 کوارٹر فائنلس کھیلے جائیںگے۔ پہلا مقابلہ سویڈن اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میاچ میزبان روس اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سویڈش ٹیم ابھی تک تو ’ انڈر ڈاگ‘ کے موقف سے لطف اندوز ہورہی ہے ، توقعات کا کم بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھانے والی یہ ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں نیدرلینڈز اور اٹلی کی حسرتیں خاک میں ملاچکی ہیں۔ گروپ اسٹیج میں اس کی وجہ سے دفاعی چمپئن جرمنی کو آگے بڑھنے کا موقع نہیں آیا۔ 1994 کے بعد سویڈن نے پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی اور ایک قدم مزید آگے بڑھنے کیلئے پْراعتماد ہے۔ اس کا مقابلہ ہفتے کو انگلینڈ سے ہوگا جس نے کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر زیر کیا۔ ٹیم 1990 کے بعد پہلا سیمی فائنل کھیلنے کیلئے بھی فیورٹ کا درجہ رکھتی ہے۔ دوسری جانب انگلش ٹیم بھی اپنے بہترین فام میں ہے اور تجزیہ نگار اسے فائنل میں رسائی کیلئے پسندیدہ مان رہے ہیں۔ خاص طورپر کپتان ہیری کین کے فام کے باعث انگلش ٹیم کے فائنل میں رسائی کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء دوسرے مقابلہ میں میزبان روس کا سامنا گروپ اسٹیج میں تمام میاچس جیتنے والی ٹیم کروشیا سے ہوگا۔ روسی ٹیم لاسٹ 16 میں اسپین کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر حیران کرنے کے بعد لاسٹ 8 مرحلے میں پہنچی ہے، اس کے حوصلے بھی کافی بلند اور وہ اب کروشیا کو بھی آؤٹ کلاس کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ناک آؤٹ مقابلے میں اکثر قسمت کروشین ٹیم سے دغا کرجاتی ہے، لاسٹ 16 میں تو وہ بچ گئی تاہم اب کوارٹر فائنل میں دباؤ موجود ہوگا۔ سویڈن اور انگلینڈ کا مقابلہ رات 7:30 بجے سے شروع ہوگا جبکہ روس اور کروشیا کا مقابلہ رات 11:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں