رونالڈو اور میسی‘میاں بیوی میں طلاق کا باعث بن گئے

کھیلوں کی دنیا میں عظیم کھلاڑیوں او ٹیموں کے درمیان موازنہ کوئی نئی بات نہیں اور کئی دہائیوں سے ان کے حامیوں کے درمیان اپنی پسندیدہ ٹیم اور کھلاڑیوں کو عظیم تر ثابت کرنے کی بحث ہوتی رہی ہے۔ ٹیموں کے درمیان موازنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے درمیان بھی مسابقت دیکھی جاتی رہی ہے جس میں باکسنگ میں محمد علی، فریزیئر، تیراکی میں مائیکل فیلپس اور تھورپ، ٹینس میں راجر فیڈرر اور ندال کے بشمول کئی مثالیں موجود ہیں۔ تاہم موجودہ دور میں سب سے بڑے حریف تصور کیے جانے والے فٹبالرز لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے شائقین میں گزشتہ 10 سال سے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو عظیم تر ثابت کرنے کی جنگ جاری ہے۔ دونوں کھلاڑی گزشتہ 10 سال کے دوران 5، 5 بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں اور اس دوران دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز نہ جیت سکا۔ میسی اور رونالڈو کے شائقین میں اپنے اپنے پسندیدہ فٹبالرز کو بہترین ثابت کرنے کیلئے کئی مرتبہ بدترین جھگڑے بھی ہوئے لیکن حال ہی میں ان دونوں عظیم کھلاڑیوں پر بحث نے بات میاں بیوی کے درمیان طلاق تک پہنچادی۔ ماسکو کے مقامی اخبار کے مطابق آرسن اور لیوڈملا نامی جوڑے میں بحث اس وقت شروع ہوئی جب ارجنٹینا نے ورلڈکپ میچ میں نائجیریا کو شکست دیکر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ شوہر ارجنٹائن کی فتح کا جشن منارہے تھے لیکن بیوی اس بات پر مصر تھی کہ رونالڈو اپنے حریف میسی سے بہتر ہے لیکن اسی دوران یہ بحث شدت اختیار کرتے ہوئے جھگڑے میں بدل گئی اور شوہر نے اپنا تمام سامان باندھ کر بیوی کو چھوڑکر اپنی راہ لی۔ آرسین نے کہاکہ ورلڈکپ کے آغاز سے ہی میری بیوی میسی کا مذاق اڑا رہی تھی اور کہہ رہی تھی کہ میسی آئس لینڈ کے خلاف ایک پنالٹی تک اسکور نہ کرسکا۔ آرسین نے کہاکہ اس کے بعد میں نے اپنا سامان اٹھایا اور اسے ہمیشہ کیلئے چھوڑ دیا۔ دلچسپ امر یہ کہ اس جوڑے کی ملاقات بھی ایک فٹبال میچ کے دوران ہی ہوئی اور 2002 میں ایک بار میں میچ دیکھنے کے دوران دونوں ایک دوسرے سے پہلی بار ملے تھے۔

جواب چھوڑیں