ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج جاری

ایس ایس سی کے ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات منعقدہ جون کے نتائج آج جاری کردئیے گئے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے ہفتہ کے روز ایس ایس سی ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج اجرا کئے ۔ ان امتحانات میں ایک لاکھ 6 ہزار 240، امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 48,644 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ کامیابی کا تناسب45.79 فیصد رہا ۔ لڑکیوں نے ایک بار پھر لڑکوں پر برتری حاصل کی ۔ کامیاب گرلز امیدواروں کا تناسب 48.06 فیصد رہا جبکہ44.05 فیصد بوائز کوکامیاب قرار دیا گیا ۔89.08 فیصد نتائج کے ساتھ ضلع ورنگل رورل سرفہرست رہا جبکہ ضلع عادل آباد نے آخری مقام حاصل کیا جہاں سے صرف23.58 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔60,132 کے منجملہ26,486 بوائز امیدوار کامیاب رہے جبکہ46,108 کے منجملہ22,158 گرلز امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ گذشتہ سال ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج سے رواں سال کے نتائج میں کمی درج کی گئی ہے 2017 کے سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج59.93فیصد رہے تھے ۔ مارکس ری کاونٹنگ ( نشانات کی دوبارہ گنتی) کے خواہش مند امیدوار، فی پرچہ 500 روپے کے حساب سے فیس داخل کرسکتے ہیں۔8 تا16 جولائی تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ ری ویری فیکیشن (دوبارہ جانچ) اور پرچہ کی زیر اکس کاپی کے حصول کیلئے ایک ہزار روپے فیس داخل کرنا ہوگا۔ ایس ایس سی ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج www.bsetelangana.gov.in پر دستیاب ہیں۔

جواب چھوڑیں