بلجیم‘برازیل کو 2-1 سے ہراکر سیمی فائنل میں داخل

فیفا فٹبال ورلڈکپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں بلجیم نے 5 مرتبہ کی عالمی چمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ جمعہ کو کازان ارینا میں کھیلے گئے میچ میں عالمی نمبر 2 برازیل کی ٹیم کا سامنا عالمی نمبر 3 بلجیم سے تھا اور ورلڈکپ کیلئے فیورٹ قرار دی جانے والی ان دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کی وجہ سے اس مقابلے کو بہت زیادہ اہمیت حاصل تھی۔ میچ کے آغاز سے قبل ہی برازیل کی ٹیم نسبتاً دباؤ کا شکار تھی کیونکہ انہیں اس میچ میں اپنے سب سے اہم دفاعی کھلاڑی کیسامیرو کی خدمات حاصل نہیں تھیں ۔ میچ کی ابتداء میں ہی کیسامیرو کی غیرموجودگی میں برازیل کے دفاع میں موجود خامیاں کھل کر سامنے آگئیں اور بلجیم کی ٹیم نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور حملے کیے۔ میچ کے 13 ویں ہی منٹ میں بلجیم کو ایک کارنر ملا جس پر برازیل کے اون گول کی بدولت انہوں نے برتری حاصل کی۔ تاہم برازیل کو بڑا دھکا اس وقت لگا جب رومیلو لوکاکو نے میچ کے 31 ویں منٹ میں شاندار موو بنائی اور کیون ڈی برون نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری دگنی کردی۔ میچ کے پہلے ہاف میں بلجیم کی ٹیم مکمل طورپر چھائی رہی اور پہلا ہاف بلجیم کی 2-0 کی برتری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں برازیل کی ٹیم واضح طورپر میچ واپسی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتری اور ٹیم کی باڈی لینگویج میں بھی واضح تبدیلی نظر آئی۔ میچ کے 73 ویں منٹ میں برازیل نے تبدیلی کرتے ہوئے ریناٹو آگسٹو کو میدان میں بھیجا اور 3 منٹ بعد ہی انہوں نے ہیڈر کے ذریعہ گول کرکے خسارے کو کم کردیا۔ اس کے بعد برازیل کی ٹیم نے پے درپے حملے کیے جس کے نتیجہ میں انہیں گول کرنے کے چند نادر مواقع ملے لیکن حیران کن طورپر برازیل کی ٹیم ان 3 سے 4 مواقعوں میں سے ایک کو بھی گول میں تبدیل نہ کرسکی۔ میچ کے اختتام سے محض چند منٹ قبل برازیل کے نیمار نے گول کی جانب ایک شاندار کک لگائی لیکن بلجیم کے گول کیپر نے عمدہ کوشش کے ذریعہ اس یقینی گول کو بچالیا اور اس طرح برازیل کی میچ میں واپسی کی یہ آخری امید بھی دم توڑگئی۔ جب میچ ختم ہوا تو 1-2 کا اسکور بلجیم کی کامیابی اور 5 مرتبہ کی عالمی چمپئن برازیل کے عالمی کپ سے اخراج کا اعلان کررہا تھا۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بلجیم کی ٹیم نے 1986 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ 1998 کی عالمی چمپئن فرانس سے ہوگا۔

جواب چھوڑیں