بہار کے ایک موضع میں مسلمانوں کی مدد سے مندر کی تعمیر

مندر کی تعمیر کے لئے منصور انصاری کے اراضی کا عطیہ اور مختار عالم کی رقمی امداد کے بعد دیہاتیوں نے یہاں جاریہ ہفتہ ہندو پجاریوں اور بھکتوں کا خیرمقدم بھی کیا۔ یہاں کے دیگر مسلمانوں نے مندر کی تعمیر میں مدد دی تھی۔ بدھوپور ‘ مسلم اکثریتی موضع ہے ۔ یہاں 12 سے بھی کم ہندو خاندان آباد ہیں۔ ایسے وقت جبکہ فرقہ وارانہ منافرت بڑھتی جارہی ہے‘ یہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی درخشاں مثال ہے۔ رشتہ کے بھائیوں مختار اور منصور نے درگا دیوی کے مندر کی تعمیر میں مدد دی۔ دیگر مسلمانوں نے بھی مختلف طریقہ سے تعاون کیا ۔ انہوں نے تعمیر کی نگرانی بھی کی ۔ منصورنے 2.5 کٹھا اراضی وقف کی۔(ایک کٹھا کم ازکم 750 مربع فٹ کا ہوتا ہے)۔ مختار نے تعمیر کے لئے 3.5 لاکھ روپے دیئے۔ یہ دونوں بدھوپور کے رہنے والے ہیں جو پٹنہ سے 140کیلو میٹر دور ضلع گیا میں واقع ہے۔ مسلم دیہاتیوں نے قریبی مواضعات کے سینکڑوں ہندو یاتریوں اور پجاریوں کا خیرمقدم کیا۔ موضع میں پہلے مندر کے افتتاح کے موقع پر یگن کیا گیا۔ مختار عالم نے بتایا کہ ان کے خاندان نے موضع میں ایک دینی مدرسہ اور مسجد کے لئے بھی اراضی وقف کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم ہندوؤں کے ساتھ کئی سال سے مل جل کر رہتے آئے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال ہے۔ مہمانوں کو دینی مدرسہ کے احاطہ میں ٹھہرایا گیا۔ ایک ہفتہ طویل پوجا کے لئے گاؤں کے مسلمانوں نے غذائی اجناس‘ دودھ‘ خوردنی تیل اور پکوان گیس سلنڈرس کا عطیہ دیا۔

جواب چھوڑیں