جاپان میں موسلادھار بارش‘ 38 افراد ہلاک

جنوبی جاپان میں موسلادھار بارش اور سیلاب کے باعث ہفتہ کے دن کم ازکم 38 افراد کی موت واقع ہوئی اور لگ بھگ 50 لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ بچاؤ مہم کے لئے لگ بھگ 650 فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مزید 21 ہزار کو تیار رکھا گیا ہے۔ وزیر دفاع اٹسونوری اونوڈیرا نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حکام نے ان کے تخلیہ کے احکام جاری کئے ہیں۔ جاپان میں جمعرات سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں 8 سنٹی میٹر فی گھنٹہ بارش ہوسکتی ہے۔ رائٹر کے بموجب مغربی اور وسطی جاپان میں موسلادھار بارش کے بعد کم ازکم 47 افراد لاپتہ ہیں اور 5 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارہ این ایچ کے نے یہ اطلاع دی۔ 16 لاکھ سے زائد افراد کا ان کے مکانوں سے تخلیہ کرایا گیا ہے۔ جاپان کی موسمیات ایجنسی نے جاپان کے اصل جزیرہ ہونشو کے مغرب میں زمین کھسکنے اور تیز ہوائیں چلنے کا انتباہ دیا ہے۔ اس نے ملک میں فی الحال ہونے والی بارش کو تاریخی قراردیا ہے۔ موٹویاما ٹاؤن میں جمعہ اور ہفتہ کے درمیان 583 ملی میٹر بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں