جے ای ای اور نیٹ کے امتحانات سال میں دو مرتبہ ہونگے :جاودیکر

 حکومت نے انجینئرنگ اور ڈاکٹری کی تعلیم کے لئے مشترکہ انٹرنس امتحانات جے ای ای اور نیٹ کو سال میں دو مرتبہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل پرکاش جاودیکر نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ جے ای ای (مین) ، نیٹ ،وغیرہ کے امتحانات 2019 سے ایک سال میں دو مرتبہ منعقد کئے جائیں گے ۔ جے ای ای مین امتحان کا انعقاد جنوری اور اپریل میں کیا جائے گا جب کہ نیٹ کا امتحان فروری اور مئی میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ امتحانات حال ہی میں تشکیل نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے ) کے ذریعہ منعقد کئے جائیں گے۔ ابھی ان کا انعقاد سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن(سی بی ایس ای) کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی اے نے اس سمت میں اپنا کام شروع کردیا ہے ۔ جے ای ای مین، نیٹ، یوجی سی نیٹ، کمبائنڈ مینجمنٹ انٹرنس ایگزامنیشن(سی ایم اے ٹی) اور گریجویٹ فارمیسی ایپٹی ٹیوڈ ٹسٹ امتحانات وہی منعقد کرے گی۔ اسکی خصوصیت ہوگی کہ اگلے سیشن سے یہ امتحانات سال میں دو مرتبہ منعقد کی جائیں گی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سے طالب علموں کا ایک سال بیکار نہیں ہوگا ۔ وہ امتحان میں ایک سال میں دو مرتبہ شامل ہوسکیں گے اور داخلہ کے لئے دونوں میں سے زیادہ مارکس کو دیکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں