کشمیر میں سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ‘ 3 شہری ہلاک

جنوبی کشمیر کے ایک موضع میں ہفتہ کے دن کارڈن سرچ آپریشن کے دوران سنگباری کرنے والے ہجوم پر سیکوریٹی فورسس کی مبینہ فائرنگ میں 3 شہری بشمول ایک کمسن لڑکی ہلاک ہوگئے۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ہاوورا اور متصل مواضعات کے دیہاتیوں نے سیکوریٹی فورسس کے انسدادِ دہشت گردی آپریشن کو درہم برہم کرنے کی کوشش کی۔ فورسس نے یہ جانکاری ملنے کے بعد علاقہ کو گھیرلیا تھا کہ کلگام میں عسکریت پسندوں کا ایک گروپ چھپا ہوا ہے۔ سیکوریٹی فورسس کے ساتھ جھڑپوں میں 3 شہریوں کو آتشیں اسلحہ سے زخم آئے۔ مرنے والے شہریوں کی شناخت 16 سالہ عندلیب ‘ 22 سالہ شاکر احمد اور 20 سالہ ارشاد احمد کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ پولیس ‘ فوج اور نیم فوجی فورسس کے سینئر عہدیدار صورتحال کا جائزہ لینے پہنچ چکے ہیں۔ حکام نے جنوبی کشمیر کے تمام 4 اضلاع کلگام‘ اننت ناگ‘ شوپیاں اور پلوامہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس فوری بند کردی۔

جواب چھوڑیں