سیمونا ہالیپ کو شکست۔ ندال آئندہ رائونڈ میں داخل

سال کے تیسرے گرانڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ویمبلڈن اوپن میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے اور ویمنس سنگلز میں ٹاپ سیڈ سیمونا ہیلپ تیسرے راؤنڈ میں شکست کھاکر ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں جبکہ رافیل ندال، جان مارٹن ڈیل پوٹرو اور جائلز سائمن فتوحات برقرار رکھتے ہوئے مینس سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ لندن میں جاری سال کے تیسرے گرانڈ سلام ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ہفتہ کی رات کھیلے گئے تیسرے راؤنڈ کے میچز میں عالمی نمبر ایک اسپین کے اسٹار رافیل ندال نے کامیابیوں کا سلسہ جاری رکھا۔ ندال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف آسٹریلین کھلاڑی ایلکس ڈی مینار کو 6-4, 6-2, 6-1 سے شکست دیکر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو بھی تیسری آزمائش میں سرخرو رہے اور انہوں نے فرانس کے بینوئٹ پیئر کو شکست دیکر کامیابی اپنے نام کی جبکہ فرانس کے جائلز سائمن نے ایبدین کو ہراکر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ ویمنس مقابلوں میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری رہا اور ٹاپ سیڈ سیمونا ہیلپ ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کھاکر باہر ہوگئی۔ ویمنس سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میچ میں تائیوان کی کھلاڑی سائی سو وائی نے رومانیہ کی عالمی نمبر ایک سیمونا ہالیپ کو سخت مقابلہ کے بعد شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ جلینا اوسٹا پینکو نے دیا شینکو کو ہراکر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ ساسنووچ نے گوریلووا کو شکست دیکر چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

جواب چھوڑیں