پاکستان نے سہ رخی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

سلامی بلے باز فخر زمان کی شاندار بیاٹنگ کی مدد سے پاکستان نے سہ رخی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔ آج کھیلے گئے خطابی مقابلہ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹس سے شکست دے دی۔ پاکستان کو جیت کیلئے 184 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 19.2 اوورس میں 4 وکٹس کھوکر بنالئے۔ پاکستان کی جانب سے سلامی بلے باز فخر زمان نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں میں 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 91 رن بنائے تاہم وہ بدقسمتی سے اپنی سنچری اسکور نہیں کر پائے۔ فخر زمان اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلئے 107 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ شعیب ملک 37 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 جبکہ آصف علی 17 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے بھی 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رن اسکور کئے۔ آسٹریلیا کیلئے میکسویل نے 2 جبکہ جھائی رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے سلامی بلے باز ڈی آرسی شارٹ اور کپتان آرون فنچ کی شاندار بیاٹنگ کی مدد سے 183 رن بنائے۔ شارٹ اور فنچ نے پہلی وکٹ کیلئے 9.5 اوورس میں 95 رنوں کی شراکت داری کی۔ فنچ نے 27 گیندوں میں 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 47 رن بنائے جبکہ ڈی آر سی شارٹ 53 گیندوں میں 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 76 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں میکسویل 5‘ مارکس اسٹاونس 12‘ ٹراویس ہیڈ 19 اور ایشٹن اگر 7 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سب سے زیادہ 3‘ شاداب خان نے 2 جبکہ فہیم اشرف‘ حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان کو میان آف دی میاچ و سیریز قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں