کے ٹی آر ‘ دتاتریہ کا شرت کپو کےغمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت

 ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق و شہری ترقیات کے تارک راما راؤ نے آج شرت کپو کے مکان پہنچ کر کپو کے غمزدہ افراد خاندان کو تسلی دی ۔ شہر کے واسوی انجینئرنگ کالج کے فارغ التحصیل شرت کپو کو امریکی شہر کنساس پر نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔ کے ٹی آر دیگر وزرا کڈیم سری ہری اور ٹی سرینواس یادو کے علاوہ مئیر بی رام موہن کے ساتھ کپو کے گھر گئے اور مہلوک طالبعلم کے والدین سے جو بیٹے کی موت پر مجسم غم بنے ہوئے ہیں، ان سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوںنے غمزدہ افراد خاندان کو تیقن دیا کہ وہ افراد خاندان کی خواہش پر ، ویزا کے انتظامات کریں گے ۔ یو این آئی کے بموجب حلقہ سکندرآباد کے رکن پارلیمنٹ بنڈارودتاتریہ نے شرت کپو کے والدین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت کیا ۔ دتاتریہ نے کپو کے قتل کی مذمت کی اور امریکہ میں تلگوعوام کو نشانہ بنائے جانے والے واقعات پر دکھ کااظہار کیا ۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ میں ہندوستانی شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے مسئلہ پر حکومت امریکہ سے بات چیت کرنے پر سشما سوراج سے خواہش کریں گے ۔

جواب چھوڑیں