حج کیلئے فضائی سفر ‘ گلوبل ٹنڈر کے مطالبے پر آج سماعت

 ہندوستانی عازمین کے بذریعہ طیارہ سفرِ حج کے لئے گلوبل ٹنڈر جاری کرنے کے مطالبے کے تحت داخل درخواست کل (منگل کو)سپریم کورٹ میں زیر سماعت آئے گی۔یہ عرضی 5 مارچ کو آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے داخل کی تھی۔ سمیتی کے صدر حافط نوشاد احمد اعظمی نے بتایا کہ حج سبسڈی ختم کر دیئے جانے اور سفر حج پر جی ایس ٹی لگا دئیے جانے کے با وجود حکومت نے جب ہندوستانی عازمین کو حج کے ‘مہنگے کرائے ‘ سے نجات دلانے کے لئے گلوبل ٹنڈر جاری کرنے سے اتفاق نہیں کیا ،تب سمیتی نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سمندری راستے سے سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈر داخل کا جا چکا ہے ، وہ امید کرتے ہیں عدالت عظمیٰ حاجیوں کے حق میں پیسے اور وقت دونوں کی بچت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہندوستانی عازمین کے بذریعہ ہوائی جہاز سفرِ حج کے لئے گلوبل ٹنڈر جاری کے حق بجانب مطالبے پر سنجیدگی سے غور کر کے مناسب فیصلہ سنائے گی۔ اعظمی نے کہا کہ سمندری راستے سے حج ابھی شروع بھی نہیں ہوا لیکن اس کے لئے گلوبل ٹنڈر کو مناسب سمجھا گیا حالانکہ سعودی عرب تک فضائی سفر حاجیوں کے لئے نسبتاً آسان ہے اور گلوبل ٹنڈر کے نتیجے فضائی سفر کا کرایہ زیادہ سے زیادہ حاجیوں کے لئے قابل برداشت ہو جائے گا۔حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن نے امید ظاہر کی کہ حکومت ہند بھی اس معاملے کے عوام دوست پہلو کو سامنے رکھ کر اپنے موقف پر نظر ثانی کرے گی۔

جواب چھوڑیں