فنچ ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بلے باز۔راہول کو تیسرا مقام

آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ‘ پاکستان کے فخر زمان اور ہندوستان کے کے ایل راہول آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے ٹاپ کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ پاکستان نے سہ رخی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کو ہراکر ٹیم رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن بھی برقرار رکھی۔ آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ فائنل میں نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد پہلے مقام پر پہنچ گئے جبکہ اسی مقابلہ میں 91 رنوں کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان دوسرے اور ہندوستان کے کے ایل راہول تیسرے مقام پر پہنچ گئے۔ راہول نے انگلینڈ کے خلاف 101 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی تھی ۔ دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے ڈی آر سی شارٹ 18 مقامات کے فائدہ کے بعد 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انگلینڈ کے جیسن رائے 19 مقامات کے فائدے کے بعد 15 جبکہ جوز بٹلر کو 17 واں مقام حاصل ہوا۔ زمبابوے کے سلامی بلے باز سولومون مائیر نے 202 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 25 واں مقام حاصل کیا۔ سہ رخی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر عالمی ٹی 20 رینکنگ میں اپنی نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھی۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز 2-1 سے جیتنے والی ہندوستانی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان نے فائنل جیت کر ایک پوائنٹ حاصل کیا اس کے پوائنٹس 132 ہوگئے۔ نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان پہلے، ہندوستان دوسرے آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے اور نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستانی ٹیم نے جولائی 2016 سے اب تک 27 میں سے 23 میچ جیتے ہیں۔

جواب چھوڑیں